Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طریف میں قبل از اسلام اور ابتدائی صنعتی تبدیلی کے دور کے تاریخی مقامات

تمام مقامات طریف کی تاریخ کے مختلف مراحل کی عکاسی کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
حدود شمالیہ ریجن کی گورنریٹ طریف میں متعدد آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات موجود ہیں جو قبل از اسلام کے زمانے سے لے کر تیل کی صنعت کے ابتدائی دور اور جدید تعلیمی اور خدماتی سہولیات کے قیام تک، مختلف تاریخی ادوار میں آنے والی تبدیلیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق طریف سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں جبلِ اقرن کے قریب واقع دوقرہ کا تاریخی محل ان مقامات میں سے ایک ہے جس کی تاریخ قبل از اسلام کے دور سے ملتی ہے۔
ٹرانس عریبین پائپ لائن، جسے ٹیپ لائن کے نام سے جانا جاتا ہے، اس گورنریٹ کی تاریخ سے منسلک اہم ترین صنعتی تاریخی علامتوں میں سے ایک ہے۔
یہ پائپ لائن مشرقی علاقے کے بقیق فیلڈ سے خام تیل کو اردن اور شام کے راستے لبنان کے بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع صیدا کی بندرگاہ تک منتقل کرنے کے لیے بنائی گئی تھی اور اس منصوبے نے اپنے راستے میں کئی بستیوں اور خدمات کی سہولیات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد میں اسے سعودی عرب کا پہلا صنعتی تاریخی مقام بھی درج کیا گیا۔
اس دور سے منسلک اہم مقامات میں قرو طریف بھی شامل ہے جو کہ پانی کا ایک ذریعہ ہے جسے ٹیپ لائن کمپنی نے 1950 کی دہائی میں صحرا نشینوں کی خدمت اور انہیں وہاں آباد کرنے میں مدد کے لیے قائم کیا تھا اور اسے ہیریٹیج کمیشن کی جانب سے ایک ثقافتی تاریخی مقام کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
اس گورنریٹ میں حطین سکول بھی واقع ہے جسے ٹیپ لائن کمپنی نے 1371 ہجری (1951) میں قائم کیا تھا۔ یہ حدود شمالیہ ریجن کے قدیم ترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے اور اس کا تعلق اس علاقے میں باقاعدہ تعلیمی نظام کے ابتدائی دور سے ہے۔

طریف کا پرانا ہوائی اڈا، جسے ٹیپ لائن کمپنی نے 1952 میں تعمیر کیا تھا، ان سہولیات میں شامل ہے جن کا تعلق گورنریٹ میں فضائی آمد و رفت کی تاریخ سے ہے اور اس دور میں یہاں سے بین الاقوامی پروازیں بھی چلا کرتی تھیں۔
یہ تمام مقامات طریف کی تاریخ کے مختلف مراحل کی عکاسی کرتے ہیں جن میں قدیم آثارِ قدیمہ کی باقیات سے لے کر پائپ لائن کی تعمیر اور ان تعلیمی و خدماتی سہولیات کے قیام سے آنے والی وہ تبدیلیاں شامل ہیں جنہوں نے اس گورنریٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔

 

شیئر: