Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش، چین نمائندہ خصوصی بھیجے گا

چین نے مشرق وسطیٰ اور قریبی علاقوں میں جاری تنازعات کی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں متعلقہ ممالک میں اپنے نمائندے کو بھیجے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں تمام فریقوں پر زور دیا کہ ان کو بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کے افریقہ کے خطے ہارن آف افریقہ اور بحیرۂ احمر تک پھیلنے پر بھی تشویش ظاہر کی۔
گو جیاکون نے یہ بھی کہا کہ چین جلد ہی اپنے نمائندے کو ان ممالک کے دوروں پر بھیجے گا جو فریقوں کے ساتھ رابطے قائم کرنے، مذاکرات کے سلسلے کو فروغ دینے، کشیدگی کو کم کرنے اور صورتحال کو مزید خرابی کی طرف جانے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے بھی پیر کو تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات کی۔
تاہم حالیہ دنوں کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ ایران پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔
چین اور جبوتی کے وزرائے خارجہ نے پچھلے ہفتے بیجنگ میں ملاقات کی تھی جس میں اس امر پر اتفاق کا اظہار کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنا ہارن آف افریقہ اور بحیرۂ احمر میں سکیورٹی کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔

شیئر: