جدہ میں بحیرۂ احمر کے ساحل پر مہاجر پرندوں کی آمد، سیزن کا خوبصورت نظارہ
منگل 27 اکتوبر 2026 12:24
پرندے بحیرۂ احمر کے ساحل کے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
موسموں کی تبدیلی کے ساتھ جدہ میں بحیرۂ احمر کے ساحل پر مہاجر پرندوں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ ساحلوں پر ان کی موجودگی ایک ایسا قدرتی اور خوبصورت منظر پیش کرتی ہے جو مملکت کے مغربی ساحل کی مالا مال حیاتیاتی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ساحل ایشیا، یورپ اور افریقہ کو ملانے والے ہجرت کرنے والے راستوں کا ایک اہم ترین پڑاؤ ہے۔ تین براعظموں کے سنگم پر واقع سعودی عرب کی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے بہار اور خزاں کے موسم میں یہاں پرندوں کی بے شمار اقسام مناسب مسکن اور خوراک کی تلاش میں طویل فاصلے طے کر کے پہنچتی ہیں۔
جدہ کے ساحلوں اور دلدلی علاقوں پر سی گل، ہرن، ایگریٹ اور پانی میں چلنے والے مختلف پرندے خوراک تلاش کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ پانی کے اوپر اڑتے پرندوں کے جھنڈ ایسے خوبصورت مناظر تخلیق کرتے ہیں جو فوٹوگرافروں اور پرندوں کا مشاہدہ کرنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
یہ ساحل ان پرندوں کو لمبی پروازوں کے دوران سستانے کی جگہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹی مچھلیوں، کیکڑوں اور باریک آبی حیات پر مشتمل بہترین خوراک بھی مہیا کرتا ہے۔
دلدلی جنگلات، نمناک زمینیں اور ساحلی علاقے متعدد اقسام کے پرندوں کو پناہ گاہ اور خوراک دیتے ہیں اور بحیرۂ احمر کے ساحل کے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

خزان کے موسم میں پرندوں کی کئی اقسام ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کر کے اپنے شمالی مسکن سے گرم علاقوں کی طرف جنوب کی جانب پرواز کرتی ہیں اور پھر بہار کے موسم میں واپس شمال کی طرف لوٹ جاتی ہیں۔
یہ ہجرتی موسم جدہ میں ماحولیاتی سیاحت کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔ پرندوں کا مشاہدہ اور نیچر کی فوٹوگرافی سے عوام میں قدرتی مسکن کی حفاظت کی اہمیت کا شعور بھی بیدار ہوتا ہے۔

پرندوں اور ان کے مسکن کے تحفظ کے لیے نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کی قیادت میں جاری قومی کوششیں قدرتی وسائل اور حیاتیاتی تنوع کی حفاظت کے لیے سعودی وژن 2030 اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کو بھرپور تقویت دیتی ہیں۔
