’ابشر‘ پر4 نئی سروسز جاری، غیر ملکیوں کے لیے کونسی مفید؟
اقامے پرپرانی تصویر آسانی سے تبدیل کی جاسکتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزارتِ داخلہ نے ڈیجیٹل سروسزپلیٹ فارم ’ابشر‘ پرمزید 4 خدمات کا اضافہ کیا ہے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ میجرجنرل ڈاکٹر صالح المربع نے نئی سروسز کا اجرا کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جوازات کی جانب سے ابشرپلیٹ فارم پر جن نئی خدمات کا اجرا کیا گیا ہے ان سے غیرملکیوں کو بھی کافی سہولت ہو گی۔
اس موقع پرمیجرجنرل صالح المربع کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سروسز میں بہتری لانے کا عمل مسلسل جاری ہے جس کا مقصد سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کو فوری اورآسان بنیادوں پرمختلف نوعیت کی خدمات مہیا کی جائیں تاکہ انکے وقت کی بچت ہو اوربلا تاخیر سرکاری امور مکمل ہوسکیں۔
ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے مملکت میں مقیم غیرملکی اب آپنے اقامے پر پرانی تصویر آسانی تبدیل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے قبل ازیں تصویرتبدیل کرانے کے لیے جوازات کے دفتر جانا ضروری ہوتا تھا جبکہ اب یہ کام صارف اپنے سسٹم کے ذریعے باسانی کرسکیں گے۔
دوسری سروس جو جاری کی گئی ہے اس میں غیرملکی اپنے کسی بھی اہل خانہ کا ریکارڈ ختم کراسکتے ہیں جو مملکت سے مستقل بنیادوں پر جاچکے ہوں۔
تیسری سروس ’فصل تابع‘ کی یہ افراد کے لیے جاری کی گئی ہے۔ اس خدمت کے تحت تارکین وطن اپنے زیر کفالت بچوں (18 برس سے زائد ) کا ریکارڈ جدا کرکے ان کا مستقل ریکارڈ ترتیب دے سکتے ہیں۔
چوتھی سروس ’ابشرسفر‘ کی ہے جس کے تحت دوحہ قطر اور مملکت کی سرحدی چیک پوسٹ ’سلوی‘ کے ذریعے بیرون مملکت جانے والے ابشر پلیٹ فارم سے امیگریشن کے معاملات قبل ازوقت مکمل کرسکتے ہیں جن میں گاڑی کا این او سی اور سفری امور شامل ہیں۔
ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے مذکورہ سروسز حاصل کرنے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔’ابشرافراد‘ کے پورٹل میں لاگ ان کرنے کے بعد ’خدماتی‘ (مائی سروسز) بعدازاں ’جوازات‘ کے براوز پرکلک کریں جہاں سے مطلوبہ سروس کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔