وزٹ ویزے پر اوور اسٹے، 50 ہزار ریال تک جرمانے اور قید کا انتباہ
اوور اسٹے کی رپورٹ نہ کرنے پر بے دخلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی پبلک سکیورٹی نے وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہونے پر وزیٹر کے اوور اسٹے کی اطلاع نہ دینے پر 50 ہزار ریال تک جرمانے اور چھ ماہ تک قید کی سزا کا انتباہ دیا ہے۔
پبلک سکیورٹی کے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مدت سے زیادہ قیام کرنے والے وزٹ ویزا ہولڈرز کے بارے میں اطلاع دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اس خلاف ورزی پر سخت قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر خلاف ورزی کرنے والا مقیم غیرملکی ہو اور وہ وزیٹرز کے اوور اسٹے کی رپورٹ نہ کرے تو اسے مملکت سے بے دخلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے حالیہ اعداد وشمار کے مطابق انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ایک کے دوران ( ماہ رجب) میں اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر 19 ہزار559 فیصلے جاری کیے گئے۔
’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے خلاف مقررہ کارروائی کی گئی۔ خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزائیں شامل ہیں۔‘
مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں پر زور دیا گیا کہ ’وہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو ٹرانسپورٹ، روزگار، رہائش، پناہ، کسی بھی قسم کے تعاون یا پردہ پوشی سے گریز کریں۔‘
