Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: گھریلو ملازمین کے اقامے کی سہ ماہی تجدید، نئی سہولت کا آغاز

کابینہ نے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ کے تحت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے وزارت افرادی قوت اور مساند پلیٹ فارم کے تعاون سے گھریلو ملازمین کے لیے کم از کم تین ماہ کے لیے اقامے کے اجرا اور تجدید کی سہولت کا آغاز کردیا۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کے تحت آجروں کو اقامہ کے اجرا یا تجدید کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر فیس ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے مملکت میں موجود گھریلو کارکنوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔
 گھریلو کارکنوں کے ویزے پر مقیم غیرملکیوں کے سپانسرز کو یہ سہولت دی گئی کہ وہ اپنے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ایک یا دو برس کے بجائے سہ ماہی بنیاد پر کرا سکتے ہیں۔
قبل ازیں یہ سہولت کمرشل کارکنوں کے لیے تھی، جس کا دائرہ اب گھریلو کارکنوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کمرشل اداروں کے غیرملکی کارکنوں کے اقامے کی تجدید وزارتِ محنت کے ورک پرمٹ کی مدت سے مشروط ہوتی ہے۔ ورک پرمٹ اگر تین ماہ کا ہوگا تو اقامے کی تجدید بھی تین ماہ کے لیے ہوگی۔
گھریلو کارکنوں کے اقاموں کی تجدید، وزارتِ محنت کے ورک پرمٹ سے مربوط نہیں، اسی لیے ان کے اقامے ایک یا دو برس کے لیے جاری کیے جاتے  رہے ہیں۔

نئے ضوابط کے مطابق انفرادی سپانسر اپنے ذاتی ملازمین (گھریلو ڈرائیور، باورچی، ٹیوٹر، چرواہے، گھریلو ملازمین وغیرہ) کے اقامے تین، چھ، نو، بارہ یا چوبیس ماہ کے لیے جاری یا ان کی تجدید کرا سکیں گے۔
یہ اقدام رہائش سے متعلق خدمات کو بڑھانے، حکومتی طریقہ کار کی کارکردگی کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل خدمات کو وسعت دینے اور مملکت کی ڈیجیٹل پالیسی کے حصے کے طور پر آجروں اور گھریلو ملازمین کے لیے مزید لچکدار حل فراہم کرنے کے لیے جاری کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

 

شیئر: