روحانی سفر کا اختتام: شاہی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین کی روانگی
اتوار 19 جولائی 2026 19:42
پرتپاک استقبال، مہمان نوازی اور خدمات کی فراہمی کی تعریف کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کا پہلا گروپ اتوار کو ایک مکمل روحانی سفر کے بعد روانہ ہوگیا۔ اس دوران انہوں نے عمرے کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی۔
ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا تھا کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
شاہی مہمانوں نے دورے کے دوران مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں اسلامی اور تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا۔
انہوں نے پرتپاک استقبال، مہمان نوازی اور خدمات کی فراہمی کی تعریف کی۔
فلپائن سے آنے والے عمرہ زائر لارنس فیریا ایگیا نے کہا ’مملکت کا سفر صرف عمرے کی ادائیگی کے لیے نہیں تھا بلکہ یہ ایک مکمل ایمان اور انسانی تجربہ تھا جو مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے شروع ہوا اور نہ بھولنے والی یادوں کے ساتھ ختم ہوا ہے۔‘
یاد رہے کہ 16 ایشیائی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ سعودی عرب پہنچا تھا۔

ان ملکوں میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاوس، مشرقی تیمور، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا شامل ہیں۔
یاد رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اس سال ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
