Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی کانفرنس تنظیم کا غیر معمولی وزارتی اجلاس، وزیر خارجہ اسحاق ڈار جدہ پہنچ گئے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی کانفرنس تنظیم کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار جدہ میں جمعرات سے سنیچر تک ہونے والے اسلامی کانفرنس تنظیم کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر او آئی سی کے مستقل مندوب فواد شیر، پاکستانی سفیر احمد فاروق اور جدہ قونصلیٹ کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
اسلامی کانفرنس تنظیم کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا غیر معمولی وزراتی اجلاس جمعرات کی شب جدہ میں شروع ہو رہا ہے۔
اس اجلاس میں اسرائیلی حکام کی جانب سے کیے گئے غیر قانونی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جن میں بستیوں میں توسیع، فلسطینیوں کی بے دخلی اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کی خودمختاری کا تسلط جمانے جیسے ایشوز شامل ہیں۔
اسحاق ڈار مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو نام نہاد ’ریاستی زمین‘ میں تبدیل کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے حالیہ غیر قانونی اقدامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ 
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے مطابق اسرائیلی کابینہ نے 1967 کے بعد پہلی مرتبہ مقبوضہ مغربی کنارے میں زمین کی باقاعدہ رجسٹریشن شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔
یہ عمل خاص طور پر ایریا سی میں کیا جائے گا، جو مغربی کنارے کا قریباً 60 فیصد حصہ ہے اور مکمل طور پر اسرائیلی انتظامی و سکیورٹی کنٹرول میں ہے۔
اس فیصلے کے تحت مقبوضہ مغربی کنارے کی زمینوں کو نام نہاد ’ریاستی زمین‘ قرار دیا گیا ہے۔ مبصرین اور فلسطینی اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہودی آبادکاروں کے لیے زمین خریدنے کے راستے آسان بنانا اور بالآخر اس علاقے کے انضمام کی راہ ہموار کرنا ہے۔

 

شیئر: