Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر معیاری ٹرانسپورٹ سروس کا نوٹس، 14 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ

تفتیشی کارروائیوں کا مقصد بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔(فوٹو: عاجل)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے’ یکم  سے 4 رمضان المبارک کے دوران اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں میں 73 ہزار 180 تفتیشی کارروائیاں کیں، 14 ہزار 474 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔‘
عاجل نیوز کے مطابق بیشتر خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن میں ریکارڈ کی گئیں۔
اتھارٹی کی تفتیشی کارروائیوں کا مقصد ٹرانسپورٹیشن کی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
 جن خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا گیا ان میں غیرمعیاری ٹرانسپورٹ سروس، گاڑیوں کی فٹنس اور غیرقانونی طور پر ٹیکسی سروس شامل ہیں۔
دیگر خلاف ورزیوں میں ڈرائیوروں کا یونیفارم کی پابندی نہ کرنا، بغیر پرمٹ گاڑی روڈ پر لانا، سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی، ڈرائیوروں کی جانب سے میٹر کی خلاف ورزی اور نجی گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنا شامل ہیں۔
مکہ مکرمہ ریجن میں 37318 تفتیشی کارروائیوں کے دوران 9 ہزار 26 چالان کیے گئے جبکہ 266 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا جو مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھیں۔
مدینہ منورہ ریجن میں 12 ہزار 726 تفتیشی کارروائیوں میں 2515 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت کے دیگر علاقوں ریاض، مشرقی ریجن، تبوک اور حائل میں بھی تفتیشی کارروائیاں کی اور 2962 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
اتھارٹی نے73 گاڑیوں کو سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر اپنی تحویل میں لیا ہے۔

 

شیئر: