Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ 2027: پاکستان انڈیا میچ کے ٹکٹس کے لیے 84 لاکھ درخواستیں موصول

روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کو دنیا بھر میں دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے (فوٹو: روئٹرز)
جوہانسبرگ کے شعبہ کھیل کے حکام نے کہا ہے کہ اگلے برس ہونے والے ورلڈ کپ کے موقع پر روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچ کے ٹکٹس کے لیے آٹھ اعشاریہ چار ملین (84 لاکھ) درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پڑوسی ممالک اور روایتی حریفوں کے درمیان اگلے 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ کے دی وانڈرز سٹیڈیم میں مقابلہ ہو گا۔
پیر کو جاری ہونے والے بیان میں حکام کا کہنا ہے کہ فائنل بھی اسی سٹیڈیم میں ہو گا جس میں 34 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم 80 لاکھ افراد اسی سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے باقاعدہ درخواستیں بھی ارسال کر چکے ہیں۔
جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے 193 ممالک سے تعلق رکھنے والے قریباً تین ملین (30 لاکھ) شائقین نے ٹکٹوں کے حصول کی خاطر بیلٹ ونڈو کے پاس درخواستیں جمع کرائی ہیں جو 21 نومبر تک کھلی رہے گی۔

دو اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی (فوٹو: آئی سی سی)

دو اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر ٹکٹس کے لیے ایک سو 20 ملین (12 کروڑ) سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
خیال رہے پڑوسی ممالک پاکستان اور انڈیا کو روایتی حریف بھی سمجھا جاتا ہے اور ان کے درمیان ہونے والے سپورٹس خصوصاً کرکٹ کے مقابلے کو دنیا بھر میں دلچسپی کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ تعلقات بھی کافی کشیدگی کا شکار رہے ہیں بلکہ ابھی تک ہیں۔
انڈین ٹیم کئی بار پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر چکی ہے جبکہ اس کے کھلاڑی پی سی بی کے چیئرمین اور ایشیئن کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھی انکار کر چکے ہیں۔
اسی طرح رواں برس دونوں ممالک کے درمیان ایک مختصر دورانیے کی جنگ بھی ہوئی تھی۔

شیئر: