سعودی عرب کی فضائی حدود میں مار گرائے جانے والے ڈرونز کی وڈیو
سعودی وزارت دفاع نے گزشتہ دنوں مملکت کے مختلف علاقوں پر ہونے والے ڈرونز اور میزائل حملوں کو ناکام بنائے جانے کی وڈیو جاری کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کے ایکس اکاونٹ پر جاری وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سعودی فضائی دفاعی نظام نے مملکت کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضا میں روک کر تباہ کیا۔
جاری وڈیوز اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ مملکت کا دفاعی نظام مستحکم ہے جو کسی بھی خطرے سے پیشگی نمنٹنے کی مکمل صلاحیت کا حامل ہے۔
یاد رہے سعودی عرب پر فضائی حملے خلیج بھر میں بڑھتی ہوئی فضائی جارحیت کا حصہ ہیں، مملکت کے فضائی نظام نے گزشتہ دنوں فضائی حملوں کی کئی لہروں کو ناکام بنایا ہے۔
یہ حملے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے احتجاج اور مذمت کے باوجود جاری ہیں۔
یکم مارچ کو ریاض میں منعقدہ بین الوزارتی اجلاس میں جی سی سی نے رکن ممالک کے اس حق کی توثیق کی تھی کہ وہ ایرانی جارحیت کے خلاف اپنی سرزمین کا دفاع کریں۔
تین مارچ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں سعودی عرب نے اعلان کیا کہ وہ جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے اور اپنی سرزمین و شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
