Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے 16 بیلسٹک میزائل اور 117 ڈرونز سے نئے حملے کیے: امارات

کویت سٹی میں ڈرون حملے کا نشانہ بننے والی عمارت میں آگ لگی ہوئی ہے۔ فوٹو: روئٹرز
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایران نے 17 بیلسٹک میزائل فائر کیے جن میں سے 16 کو روک دیا گیا جبکہ ایک سمندر میں گرا، اسی طرح 117 ڈرونز جن میں سے 113 کو روک کر تباہ کر دیا گیا جبکہ چار ملک کی حدود میں گرے۔
اتوار کو وزارت دفاع نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ میزائل حملوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔
اماراتی فورسز نے ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک متحدہ عرب امارات کے علاقے میں 238 بیلسٹک میزائلوں اور 1,342 ڈرونز کا پتہ لگایا ہے۔ 221 پروجیکٹائل تباہ ہوئے، 15 سمندر میں گرے اور دو ملک کے اندر گرے۔
دریں اثنا 1,342 ڈرونز کو روکا گیا جبکہ 80 ملک کی حدود میں گرے۔
وزارت نے بتایا کہ آٹھ کروز میزائلوں کا بھی ریڈار پر پتہ چلا اور انہیں تباہ کر دیا گیا۔
بحرین میں حملے
بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز کہا کہ ایک ایرانی ڈرون حملے سے پانی صاف کرنے کے پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایرانی جارحیت کے دوران سویلین اہداف پر بمباری کی جاتی ہے اور ڈرون کے حملے کے بعد پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔‘
بحرین کی وزارت کے اس بیان سے پہلے تہران نے کہا تھا کہ امریکہ نے بحرین کے ایک اڈے سے اُس کے ڈی سیلینیشن پلانٹ پر حملہ کیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے کہا کہ میزائل کا ملبہ گرنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے اور اتوار کو ایک یونیورسٹی کی عمارت کو نقصان پہنچا۔
وزارت نے منامہ کے شمال مغرب میں ایک جزیرے کے علاقے کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’ایرانی جارحیت کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے اور محراق کے علاقے میں ایک یونیورسٹی کی عمارت پر میزائل کے ٹکڑے گرنے سے جزوی نقصان پہنچا۔‘

شیئر: