فری لانسنگ پروگرام میں اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سعودی شہریوں کی رجسٹریشن
اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارتِ افرادی قوت کی جانب سے مملکت میں فری لانسنگ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت نے سعودی شہریوں کےلیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں۔
اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ فری لانسنگ اور لچکدار ملازمت کے اقدامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
فری لانسنگ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ شہریوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے جو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد شہریوں کے ہنر کو نکھارنا اور انہیں ملازمت کے بہتر سے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزارتِ افرادی قوت کا کہنا ہے’ فری لانسنگ پروگرام میں رجسٹریش کے لیے انتہائی آسان طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے، جس کے فوری بعد فری لانسنگ پروگرام کا پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔‘
لیبر مارکیٹ کے حوالے سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا کہ’ مقامی مارکیٹ میں سعودی کارکنوں کا تناسب 49.0 فیصد جبکہ غیرملکی 82.1 فیصد ہیں۔‘
یاد رہے فری لانسنگ پروگرام میں شمولیت کے لیے درخواست گزار کا سعودی شہری ہونا بنیادی شرط ہے جبکہ عمر کی کم ازکم حد 18 برس رکھی گئی ہے۔
