Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زائرین کے لیے بہترین انتظامات‘ رمضان سیزن 2026 کے آپریشنل پلان کی کامیابی کا اعلان

زائرین کی رہنمائی کے لیے گراونڈ ٹیمیں بھی تعینات تھیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
​ادارہ امور حرمین نے رمضان 1447 ہجری کے آپریشنل پلان کی کامیابی کا اعلان کیا ہے، حرمین میں لاکھوں زائرین کے لیے بہترین انتظامات کے اہداف حاصل کرلیے۔
ایس پی اے کے مطابق ادارہ حرمین کا کہنا تھا دنیا کے سب سے بڑے کراوڈ کنٹرول مینجمنٹ آپریشنزمیں ایک کو غیر معمولی دیکھ بھال کے ساتھ منظم کیا گیا۔ اتنے بڑے منصوبے کو کامیاب کرنا محض اتفاقی واقعہ نہیں بلکہ یہ جامع پروگرام پر عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔
آپریشنل پلان میں فعال منصوبہ بندی کے ساتھ ادارہ امور حرمین کے ساتھ دیگر اداروں کا بھر پور تعاون شامل تھا جن میں سکیورٹی، امن عامہ، فیلڈ آپریشنز اور صحت کی ٹیمیں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ کامیابی اللہ رب العزت کے خاص فضل وکرم اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ گورنرٹیس کے بھرپور تعاون سے ممکن ہوئی ہے۔’
اس سال معیاری اقدامات کے تحت ٹریکس اور راستوں کو منظم کیا گیا ، مسجد الحرام میں الیکٹرک گاڑیوں اور ویل چیئر کے لیے راستوں کو جدا رکھا گیا ، ہوٹلوں سے معمر اور معذور افراد کو مسجد الحرام لانے کی سروس بھی مہیا کی گئی۔
اس کے علاوہ زائرین کی سہولت کے لیے تھری ڈی میپس اور رہنمائی کے لیے گراونڈ ٹیمیں بھی تعینات تھیں۔
زائرین کی رہنمائی اور دیکھ بھال کے لیے 16 سینٹرز قائم کیے گئے جبکہ ترجمہ سروس کا خصوصی اہتمام کیا گیا، بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز اور ڈیجیٹل قرآن کریم کی سہولت فراہم کی گئی۔

شیئر: