Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے متعدد ڈرون مار گرائے، ایرانی حملوں کا سلسلہ جاری

جمعرات کو بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ایک آئل ریفائنری پر ڈرون گرنے کا واقعہ ہوا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے جمعے کے روز کے ابتدائی پانچ گھنٹے کے دوران 20 ڈرونز کو روک کر ناکارہ بنایا جبکہ دوسری جانب خلیجی ممالک پر بھی ایران کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کویت اور متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان کو بھی میزائلز اور ڈرون کے خطرات کا سامنا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بحرین نے اسے ’ایرانی جارحیت‘ قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق زیادہ تر ڈرونز مشرقی صوبے میں گرائے گئے جہاں بڑی تعداد میں آئل ریفائنریز موجود ہیں جبکہ ایک کو شمالی صوبے الجوف میں گرایا گیا۔
حملوں کا یہ تازہ سلسلہ بحیرہ احمر میں ایک سعودی آئل ریفائنری پر ڈرون حملے کے ایک روز بعد شروع ہوا ہے، کویت میں ایک حملے کے بعد دو مزید تنصیبات میں آگ بھی لگی جبکہ ایران خلیجی ممالک میں توانائی کے بنیادی انفراسٹرکچر کے خلاف اپنی مہم کو آگے بڑھا رہا ہے۔
یہ حملے بدھ کو قطر کے وسیع قدرتی گیس کے مرکز راس لفان جو کہ دنیا کا سب سے بڑا مرکز بھی ہے، پر حملے کے بعد ہوئے، اس حملے میں اس کو نمایاں نقصان پہنچا تھا۔
ایران کی جانب سے یہ کارروائی اس کے جنوبی پارس گیس فیلڈ پر اسرائیل کے حملے کے جواب میں کی گئی۔

 

شیئر: