Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی سٹیٹ سکیورٹی نے حزب اللہ اور ایران سے منسلک دہشت گرد نیٹ ورک پکڑ لیا

لبنان کی وزارت خارجہ نے اس دہشت گرد منصوبے کی شدید مذمت کی ہے جس کا ہدف امارات تھا۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے سٹیٹ سکیورٹی ادارے نے ایک دہشت گرد نیٹ ورک کو ختم کر دیا ہے جسے لبنان کی حزب اللہ اور ایران کی جانب سے فنڈنگ اور آپریشنل مدد حاصل تھی۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق نیٹ ورک کے اراکین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ نیٹ ورک یو اے ای میں ایک جعلی تجارتی ادارے کی آڑ میں کام کر رہا تھا اور قومی معیشت میں دراندازی کے ساتھ ایسے بیرونی منصوبے بنا رہا تھا جو ملک کے مالیاتی استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔
سٹیٹ سکیورٹی اتھارٹی کے مطابق یہ نیٹ ورک دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث تھا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ادارے نے واضح کیا کہ قومی معیشت یا شہری اداروں کو دہشت گردی یا تخریبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کا سختی اور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
سٹیٹ سکیورٹی اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی بھی بیرونی مداخلت کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
لبنان کی وزارت خارجہ نے اس دہشت گرد منصوبے کی شدید مذمت کی ہے جس کا ہدف متحدہ عرب امارات تھا۔
ایکس پر جاری بیان میں وزارت نے یو اے ای کے سکیورٹی اداروں  کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ لبنانی حکام تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے تاکہ ذمہ داران کو سزا دی جا سکے۔
وزارت نے اس منصوبے کا ذمہ دار حزب اللہ کو ٹھہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ لبنانی حکومت حزب اللہ کی عسکری اور سکیورٹی سرگرمیوں پر پابندی کے موقف پر قائم ہے۔

شیئر: