الشعیبہ کی مونگے کی چٹانیں: جہاں جغرافیہ اور تاریخ ایک دوسرے سے ہم آغوش ہیں
یہ علاقہ تجارت کی گزرگاہ کے طورپر بھی اہم رہا (فوٹو: ایس پی اے)
بحیرۂ احمر کے جنوب، مغربی ساحل کے ساتھ ساتھ پھیلے ہوئے علاقے میں ’الشعیبہ بیچ‘ ایک ایسا منظر پیش کرتا ہے جہاں قدرتی حسن مونگے کی چٹانوں کی صورت میں جلوہ گر ہے اور سمندر کی گہرائیوں میں رنگوں کا حسین امتزاج دکھائی دیتا ہے۔
یہاں زندگی اپنی باریک ترین شکلوں میں پروان چڑھتی ہے، یوں ایک جیتی جاگتی ماحولیاتی تصویر سامنے آتی ہے جو اپنے اندر وقت کے راز اور دل فریب نظاروں کو سموئے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مونگے کی چٹانیں قدرتی اثاثوں میں نمایاں مقام کی حامل ہیں، جہاں حسن اور انفرادیت ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں، یہ محض سمندری تشکیلات ہی نہیں، جو پانی کے کٹاؤ سے پیدا ہوئی ہیں بلکہ زندگی سے بھرپور ایک نظام جس کے اندر ایک مکمل آبی دنیا ہے۔
ان چٹانوں کے دروں اور پیچیدہ دراڑوں کے درمیان رنگ برنگی مچھلیاں اٹھکیلیاں کرتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ دیگر آبی مخلوقات انہیں اپنا مسکن اور پناہ گاہ بناتی ہیں۔ یہ سب ایک متوازن نظام کا عکاس ہے جو قدرت کی حکمت اور ماحولیاتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔
ان مونگے کی چٹانوں کی تہوں میں ایک طویل ارضیاتی تاریخ محفوظ ہے۔ یہ اپنے اندر فوسلز اور ایسے شواہد سنبھالے ہوئے ہیں، جو زمین اور سمندر میں آنے والی تبدیلیوں کی داستان بیان کرتے ہیں اور لاکھوں برسوں میں ہونے والی ساحلی تشکیلات کا احوال سناتے ہیں۔ گویا یہ ایک کھلا قدرتی ریکارڈ ہے جس میں زمین اپنی داستان خود رقم کرتی ہے۔ انسان اس سے تبدیلی اور تشکیل کے مراحل کو سمجھ سکتا ہے۔

’الشعیبہ‘ صرف ایک عام ساحل نہیں، بلکہ یہ سمندری داستانوں کا ایک تاریخی مرکز بھی ہے۔ اس کی مونگے کی چٹانیں قدرتی رکاوٹوں کے طورپر جہازوں کی حفاظت کرتی ہیں جہاں بحری قافلے آ کر ٹھہرتے تھے۔
یوں یہ علاقہ تجارت کی گزرگاہ کے طورپر بھی اہم رہا اور یہاں سمندری سفر انسانی خواہشات سے ہم آہنگ ہوتا رہا جو جزیرہ نما عرب کی تاریخ میں اس مقام کی گہری بحری اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ان چٹانوں کی اہمیت صرف ماحولیاتی اور تاریخی پہلو تک محدود نہیں بلکہ یہ ماحولیاتی سیاحت کے فروغ میں بھی ایک امید افزا کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ مہم جوئی اور غوطہ خوری کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں، جو قدرتی حسن اور حقیقی تجربے کے متلاشی ہوتے ہیں، جس سے سیاحتی سرگرمیوں میں تنوع پیدا ہوتا ہے اور قومی معیشت کو معیاری مواقع میسر آتے ہیں جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

سمندری ماحول کے تحفظ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی توجہ کے پیشِ نظر ان مونگے کی چٹانوں کی حفاظت اور بحالی کے لیے کوششیں تیز ہو رہی ہیں، تاکہ اس قدرتی خزانے کو پائیدار بنایا جاسکے، اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔
مونگے کی چٹانیں ’الشعیبہ‘ میں محض ایک قدرتی منظر نہیں، بلکہ یہ سمندر کی یاد اور وقت کا آئینہ ہے، جہاں جغرافیہ اور تاریخ ایک دوسرے سے ہم آغوش ہو کر ایک ایسی خاموش کہانی سناتے ہیں جو آج بھی اپنی خوبصورتی اور پائیداری کے ساتھ مستقبل کو روشن کرتی ہے۔
