Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک صدی قدیم مسجد ’ام زرینیق‘ کی تعمیر نو

کمشنر الاحسا نے مسجد میں ظہر کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کی (فوٹو: ایس پی اے)
کمشنر الاحسا شہزادہ سعود بن طلال بن بدر نے علاقے کی قدیم مسجد ’ام زرینیق‘ کا دورہ کیا جسے ایک صدی سے زائد عرصہ قبل تعمیر کیا گیا تھا جو علاقائی روایتی طرز اور تعمیری ساخت کی حامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے دوسرے مرحلے میں مسجد کی تعمیرِ نو و بحالی کا کام مکمل کیا گیا تھا۔
یہ پروجیکٹ، مملکت کی ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں تاریخی مساجد اور ان کے تعمیری لینڈ مارکس کے تحفظ کے لیے ہے۔
مسجد کی نو تعمیر مکمل ہونے پر شہزادہ سعود بن طلال بن بدر نے مسجد میں ظہر کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کی۔ کمشنری کے دیگر اعلیٰ افسران اور عہدیدار بھی موجود تھے۔
کمشنر الاحسا کا کہنا تھا کہ ’مملکت کی اعلٰی قیادت کی جانب سے تاریخی مساجد کی دیکھ بھال اور ان کی تعمیرِ نو و بحالی کے لیے خصوص توجہ دی جاتی ہے۔‘

 مسجد ’ام زرینیق‘ کی ازسر نو تعمیر میں مسجد کی قدیم اسلامی ثقافت و علاقائی شناخت کو مکمل طور پر بحال رکھا گیا جس سے ماضی کی جھلک نمایاں ہے۔
کمشنر الاحسا نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مملکت کی تاریخی مساجد کی بحالی کے لیے بھرپور توجہ سے منصوبے کا آغاز کیا۔
مملکت کے کئی علاقوں میں اب تک قدیم مساجد کی تعمیر و بحالی کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

 

شیئر: