سعودی وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار کی ملاقات، خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارتکاری اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ’قریبی روابط کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے اہم مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اتوار کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اسلام آباد پہنچے تو ایئرپورٹ پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور ایڈیشنل فارن سیکرٹری مشرقِ وسطیٰ سید احمد معروف نے ان کا استقبال کیا، اس کے بعد سعودی وزیر خارجہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
