کویت پر ایرانی حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک، دس کویتی فوجی زخمی
کویتی وزاررت دفاع کے ترجمان نے بتایا ایک فوجی کیمپ پر متعدد میزائل گرے (فوٹو فائل)
کویت پر ایران کے حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک اور دس کویتی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی وزاررت دفاع کے ترجمان نے اتوار کو میڈیا بریفنگ میں بتایا’ ایک فوجی کیمپ پر متعدد میزائل گرے، جس کے نتیجے میں دس کویتی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ حملے میں کیمپ کو نقصان پہنچا۔‘
کویتی وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے بتایا’ کویت کے خلاف جاری ایرانی جارحیت کے دوران پاور اینڈ واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی ایک سروس بلڈنگ پر حملہ کیا گیا۔ انڈین شہری ہلاک ہوگیا جبکہ سروس بلڈنگ کو نقصان پہنچا۔‘
سعودی عرب نے کویت کے ایک فوجی کیمپ، بجلی اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو نشانہ بنانے والے صریح ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے بھی کویت کے فوجی کیمپ پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کی اور اسے علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے کویت کے ساتھ یکجہتی، جی سی سی کے رکن ممالک کی جانب سے کویت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
