Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ کریمیا میں گر کر تباہ، 29 افراد ہلاک

رپورٹس کے مطابق اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد جہاز کا کمیونیکیشن ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
روس کا ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار تمام 29 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی نیوز ایجنسیز کا حوالہ دیتےہوئے بتایا ہے کہ روس کی وزارت دفاع کی جانب سے بدھ کی صبح بیان جاری کیا گیا۔
نیوز ایجنسی ٹاس کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اے این 26 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ کریمیا میں ایک چٹان سے ٹکرا کر گرا اور اس مقام کا پتہ چلا لیا گیا ہے، یہ وہ علاقہ جس کو روس نے 2014 میں یوکرین سے الگ کر کے اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق جہاز میں 23 افراد اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے اور وہ سب مارے گئے ہیں۔
ٹاس نیوز ایجنسی کی جانب سے حادثے کے مقام سے جاری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے این 26 کا اڑان بھرنے کے بعد کمیونیکیشن ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد وہ ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا۔
اسی طرح ریا نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں جہاز میں فنی خرابی کی اطلاع سامنے آئی ہے اور امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہی حادثے کی وجہ بنی۔

شیئر: