روس کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ، سات افراد سوار تھے
روسی وزارت دفاع کے مطابق علاقے میں ملبے کی تلاش کے لیے ٹیم بھیج دی گئی ہے۔ فائل فوٹو: شٹرسٹاک
روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں سات افراد سوار تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ طیارہ مرمتی کام کے بعد ’ٹیسٹ فلائٹ‘ پر تھا۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی طاس کے مطابق تاحال یہ معمول نہیں ہو سکا کہ طیارے پر سوار سات افراد میں سے کوئی زندہ بچ سکا ہے یا نہیں۔
سرکاری میڈیا نے روس کی وزارت دفاع کا بیان نقل کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ ’آج اوانووو ریجن میں مرمتی کام کے بعد ٹیسٹ فلائٹ کے دوران اے این 22 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’طیارہ ایک غیرآباد علاقے میں گرا ہے۔‘
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ علاقے میں ملبے کی تلاش کے لیے ٹیم بھیج دی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
اوانووو ریجن روسی دارالحکومت ماسکو سے 200 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ طیارے کے گرنے کا روس کی یوکرین کے خلاف جاری جنگ سے تعلق کا امکان نہیں۔
رواں سال جولائی میں روس کا ایک مسافر طیارہ دور دراز پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
حادثے میں 5 بچوں سمیت تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
