Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر امریکہ کو تھوڑا مزید وقت ملے تو وہ آبنائے ہرمز کو کھول سکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

ایران نے فروری کے آخر میں شروع ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو مؤثر طریقے سے بند کر دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کو تھوڑا مزید وقت ملے تو وہ آبنائے ہرمز کو کھول سکتا ہے جبکہ ان کی انتظامیہ پر ایران کے خلاف جنگ کا فوری حل تلاش کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ’ٹروتھ سوشل‘ پر جمعے کو ایک پوسٹ میں کہا کہ ’تھوڑا سا مزید وقت ملنے پر ہم آسانی سے آبنائے ہرمز کو کھول سکتے ہیں، تیل پر قبضہ کر سکتے ہیں اور بہت بڑی دولت کما سکتے ہیں۔‘
امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملے سے شروع ہونے والی اس جنگ کو قریباً پانچ ہفتے گزر چکے ہیں۔
ایران میں جاری یہ جنگ پورے خطے میں افراتفری پھیلا رہی ہے اور مالیاتی منڈیوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنازع کا فوری حل تلاش کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ایران نے فروری کے آخر میں شروع ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو مؤثر طریقے سے بند کر دیا ہے۔
یہ ایک ایسا اہم بحری راستہ ہے جہاں سے دنیا بھر میں تیل کی مجموعی کھپت کا قریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔
توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر اسے دوبارہ کھولنا دنیا بھر کی حکومتوں کے لیے اولین ترجیح بن چکا ہے۔
بدھ کی شب اپنی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سویلین پاور پلانٹس کے خلاف اپنی دھمکیوں کو دہرایا اور دشمنی ختم کرنے کے لیے کسی واضح ٹائم لائن کا ذکر نہیں کیا، جس پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

 

شیئر: