امریکہ ایران میں دفن شدہ افزودہ یورینیم ’کھود کر‘ نکالے گا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ ٹیرف اور پابندیوں میں ریلیف کے بارے میں بات کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ مل کر اس کے افزودہ یورینیم کو ’کھود کر نکالنے اور تلف کرنے‘کے لیے جلد کام شروع کرے گا، جو گذشتہ موسم گرما میں مشترکہ امریکی-اسرائیلی حملوں کے دوران دفن کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بدھ کو سوشل میڈیا پر کہا کہ ’یورینیم کی کوئی افزودگی نہیں ہو گی‘ اور جون کے حملوں کے بعد اس میں سے کسی بھی مواد کو ہاتھ نہیں لگایا گیا۔
امریکی صدر نے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پایا تو امریکہ گہرائی میں دفن شدہ مواد کو حاصل کرے گا، جو ایک مشکل اور محنت طلب کام ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایران کے ساتھ ٹیرف اور پابندیوں میں ریلیف کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور کریں گے۔‘
صدر ٹرمپ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب چند گھنٹے قبل ہی امریکہ، اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ معاہدے کے اعلان کے بعد وقفے وقفے سے حملوں کی اطلاعات آئیں۔
اسرائیل نے کہا کہ یہ معاہدہ لبنان میں عسکریت پسند گروہ حزب اللہ کے ساتھ اس کی لڑائی پر لاگو نہیں ہوتا۔ سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق بدھ کوز سلسلہ وار اسرائیلی حملوں نے بیروت کے وسطی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
شہر بھر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات سے دھواں اٹھتا رہا۔ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ کس ہدف کو نشانہ بنایا گیا، لیکن کئی حملے مصروف تجارتی علاقوں میں ہوئے۔