گلوبل پروڈکشن ایوارڈز میں العلا ’سٹی آف فلم‘ کے لیے شارٹ لسٹ
جمعرات 9 اپریل 2026 10:11
رائل کمیشن آف العلا کی جانب سے ’فلم العلا‘ کے اقدام کو سپورٹ کیا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مغرب میں واقع العلا کا تاریخی شہر جو اپنے عظیم ثقافتی ورثے اور شاندار مناظر کی وجہ سے مشہور ہے، اسے سکرین انٹرنیشنل کے زیراہتمام گلوبل پروڈکشن ایوارڈ 2026 کے لیے ’سٹی آف فلم‘ کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹ کر دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اعزاز عالمی فلم پروڈکشن کے نقشے پر العلا کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ایوارڈ کی تقریب 2026 کے کانز فلم فیسٹیول میں منعقد کی جائے گی۔ یہ ایوارڈز انڈسٹری کے نہایت اہم ایوارڈز تصور کیے جاتے ہیں جو فلمی لوکیشنز، پروڈکشن انفراسٹکچر اور سینیمیٹک سیٹیز کو سراہنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔
العلا کی اس میں شمولیت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ یہ فلم میکرز کی پسندیدہ جگہ ہے۔ یہ اپنے منفرد قدرتی نظاروں اور کھلے ماحول کی وجہ سے مشہور ہے جس کے باعث دنیا بھر کی پروڈکشن کمپنیوں کے لیے اوپن ایئر فلمنگ مقام بن چکا ہے۔
حالیہ برسوں میں العلا نے کئی مقامی اور بین الاقوامی پروڈکشنز کی میزبانی کی جن میں فلمیں، ٹی وی پروگرام اور دیگر پروجیکٹ شامل ہیں۔
رائل کمیشن آف العلا کی جانب سے ’فلم العلا‘ کے اقدام کو سپورٹ کیا جا رہا ہے جس میں ایک مکمل سٹوڈیو کمپلکس تیار کیا گیا ہے جو فلم اور ٹی وی پروڈکشن کے لیے ریجنل ہب کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اس اقدام کا مقصد پروڈکشن کے تمام مراحل میں جدید ترین سہولیات فراہم کرنا ہے اور العلا کو عالمی سطح پر سب سے اوپر لے کر جانا ہے۔
