سعودی وزیر ثقافت کا دورہ انڈونیشیا، ثقافتی اور ورثے کے تعلقات پر تبادلہ خیال
سعودی وزیر ثقافت نے انڈونیشیا کے قومی عجائب گھر کا بھی دورہ کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے پیر کو جکارتہ میں انڈونیشیا کے ہم منصب ڈاکٹر فضلی زون سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی وزیر ثقافت نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔
متعدد شعبوں میں ثقافتی تعاون کو بڑھانے اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔
شہزادہ بدر بن عبداللہ نے نومبر 2025 میں سعودی بین الاقوامی ہفتہ دستکاری ’بنان‘ میں انڈونیشیا کی شرکت کو بھی سراہا۔
کنگ سلمان اکیڈمی فار عربک لینگویج اور عربی زبان کی تعلیم میں متعدد انڈونیشی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کی تعریف کی۔

علاوہ ازیں سعودی وزیر ثقافت نے اپنے انڈونیشی ہم منصب کے ہمراہ جکارتہ کے قومی عجائب گھر کا دورہ بھی کیا، اسے ہاتھی میوزیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔
یہ میوزیم 1868 میں قائم کیا گیا تھا، یہ انڈونیشیا کا سب سے بڑا اور قدیم ترین میوزیم ہے، یہاں تقریبا سولہ ہزار اشیا موجود ہیں۔
