شہزادہ فیصل بن فرحان سے مصر اور کرغیزستان کے وزرائے خارجہ کا رابطہ
ٹیلی فونک رابطے میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ سے پیر کو مصر کے ہم منصب ڈاکٹر بدر عبد العاطی اور کرغیزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلو بائیف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی اور مصری وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور کرغیز وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، خطے کی صورتحال اور اس حوالے سے جاری کوششوں پر بات کی۔
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس کے دوران امریکہ، ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری امن مذاکرات کے بعد کی تازہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا اور اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
