Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجزائر انٹرنیشنل بُک فیئر میں سعودی پویلین کا افتتاح

بُک فیئر میں سعودی عرب کو مہمانِ خصوصی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے بدھ کے روز پِنز ماریٹائمز کے پالیس دیس ایکسپوزیشنز میں 2026 کے الجزائر انٹرنیشنل بُک فیئر میں اپنے پویلین کا افتتاح کیا جو سات نومبر تک جاری رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق الجزائر کی کونسل آف دی نیشن کے سپیکر عزوز نصری نے پویلین کا افتتاح کیا۔ تقریب میں الجزائر کی ثقافت و فنون کی وزیر ملیکا بن دودا کے ساتھ ساتھ الجزائر میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ البصیری اور لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے سی ای او عبداللطیف الوصل نے شرکت کی۔
ایک بیان میں عبداللطیف الوصل نے کہا کہ سعودی عرب کو مہمانِ خصوصی کے طور پر منتخب کیا جانا دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا سنگِ میل ہے اور یہ علاقائی اور بین الاقوامی ثقافتی منظر نامے میں مملکت کی فعال موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تقریب سے الجزائر کے لوگوں کو سعودی ثقافت کی خوبصورتی اور رنگارنگی کو قریب سے جاننے کا ایک بہترین موقع ملا ہے۔
کتابوں کے میلے میں مملکت کے وفد میں ورثہ، پکوان کے فنون، فیشن، فنِ تعمیر اور ڈیزائن کے ساتھ ساتھ فلمی کمیشن بھی شامل تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مملکت کے پروگرام میں پینل ڈسکشن، شعر و شاعری کی محفلیں اور معروف سعودی لکھاریوں اور شاعروں کے ساتھ بات چیت کے سیشنز شامل ہوں گے۔
سعودی روایتی فنون اور تاریخی نسخوں کی ایک خصوصی نمائش مملکت کے ادبی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کرے گی۔ پویلین میں سعودی پبلیکیشنز، دستکاری، مملکت بھر سے قدیم آثار کے ماڈل اور سعودی موسیقی کے آلات کی دھنیں بھی پیش کی جائیں گی۔

 

شیئر: