Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکردو: پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی اور دو کمسن بچوں کا قتل

پاکستان کے شمالی علاقے سکردو کی مدینہ کالونی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق رات کی تاریکی میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں گھر میں موجود شوہر، ان کی اہلیہ اور ان کی پانچ سالہ بیٹی اور اڑھائی سالہ بیٹے کو چھریوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
پولیس کے فراہم کردہ ابتدائی معائنہ کے مطابق مقتول شوہر کا تعلق سکردو کے علاقے ’تلو بروق‘ سے تھا جبکہ مقتولہ کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے پاراچنار سے تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں نے تقریباً پانچ سے چھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے موقعے پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اگرچہ مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی براہ راست دشمنی نہیں تھی، تاہم انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس لرزہ خیز واردات میں مقتولہ کے اہل خانہ ملوث ہو سکتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس شبہے سمیت تمام پہلوؤں کی آزادانہ اور باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم فی الحال کسی مخصوص شخص یا ملزم کے ملوث ہونے کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی بلتستان آصف مہمند نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اس اندوہناک واقعے کی ہر ممکن زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔
ان کے مطابق ملزمان کی فرار کی کوشش ناکام بنانے کے لیے سکردو کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور امید ہے کہ جلد پیش رفت حاصل ہو گی۔
ایک ہی خاندان کے چار افراد اور بالخصوص دو معصوم بچوں کے اس طرح قتل کیے جانے کے واقعے نے پورے علاقے کو غم و غصے اور خوف کی فضا میں مبتلا کر دیا ہے۔

شیئر: