Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا کے نخلستانوں میں کھجور کی فصل کی کٹائی آخری مراحل میں

العلا کے نخلستانوں میں 42 لاکھ سے زائد کھجوروں کے درخت ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
 العلا کے نخلستانوں میں کھجورکی فصل کی کٹائی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ کھجوریں درجہ بندی کے بعد مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق درختوں سے کھجوروں کو اتارنے کا عمل کاشتکاروں کی نگرانی میں ماہر کارکنان انجام دیتے ہیں۔ ایسی تیکنیک کا استعمال کرتے ہوئے فصل کی کٹائی کی جاتی ہے جس سے کھجور کا معیار اور ساخت برقرار رہتی ہے۔
یہ مہارت کاشتکاری کے اس تجربے کا حصہ ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتا رہا ہے۔ یہ منظر العلا کے باشندوں کے کھجور کے درختوں سے گہرے تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔
العلا رائل کمیشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق العلا کے نخلستانوں میں اس وقت 42 لاکھ سے زائد کھجوروں کے درخت موجود ہیں۔ سالانہ پیداوار ایک لاکھ 30 ہزار ٹن ہے۔ کھجور کے زیر کاشت رقبے کا حجم 20 ہزار 500 ہیکٹر سے زیادہ ہے جبکہ ان نخلستانوں سے منسلک عملے کی تعداد 7100 ہے۔
العلا کمشنری میں ہر برس کھجور سیزن کا آغاز ستمبر سے ہوتا ہے جو نومبر کے آخر تک جاری رہتا ہے۔ توقع ہے آنے والے برسوں میں کھجور کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔

واضح رہے العلا میں کھجوروں کا سیزن علاقے کی نمایاں زرعی سرگرمی میں شمار ہوتا ہے۔ 15 نومبر تک ویک اینڈ پر کھجوروں کی نیلامی کا سلسلہ جاری رہے گا جو کاشتکاروں کو اپنی پیداوار فروخت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
حالیہ سیزن میں کھجور کی فروحت، مقدار اور مالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں العلا کی کھجوروں کی موجودگی مزید مستحکم ہوئی ہے۔

 

شیئر: