Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: ریڈ سی میوزیم میں سیاہ مرجان سے بنی تسبیح کی نمائش

ریڈ سی میوزیم کا شمار مملکت کے نمایاں ثقافتی و علمی مراکز میں ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
عروس البلاد جدہ کا ’ریڈ سی میوزیم‘ ثقافتی و سیاحتی منظر نامے میں ایک منفرد اضافہ ہے جو ایک ایسا تعلیمی تجربہ فراہم کرتا ہے جو بحیرۂ احمر کی تاریخ سے روشناس کرانے کے علاوہ جہازرانی، تجارت اور حج سے منسلک مملکت کے بھر پور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریڈ سی میوزیم کا شمار مملکت کے نمایاں ثقافتی و علمی مراکز میں ہوتا ہے۔ یہاں آرٹ نمائشوں اور ثقافتی و تعلیمی پروگرام کے ذریعے بحیرۂ احمر کی تاریخ، تہذیبی ورثے اور انسان، تجارت و بحری سفر کے ساتھ اس کے تعلق کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
میوزیم کے شعبے ’بحیرۂ احمر کے باسی‘ میں تسبیح بنانے کے ہنر کو نمایاں کیا گیا ہے جو مقامی باشندوں کی معروف دستکاری میں شمار ہوتی ہے۔
اس شعبے میں سیاہ مرجان سے تیار کردہ تسبیح کے ساتھ رکھے گئے تعارفی کارڈ پر کاریگر احمد الحلبی کا نام درج ہے جنہوں نے اسے جدہ میں تیار کیا تھا۔ ان کا خاندان جدہ کے قدیم خاندانوں میں شمار ہوتا ہے جو اس ہنر کےحوالے سے بھی شہرت کا حامل ہے۔
میوزیم کے ایک ہال کی دیوار پر بحیرۂ احمر سے نکالی گئی سیپیوں، مرجان و دیگر اشیا کے مختلف ٹکڑوں کی نمائش کی گئی ہے۔

یہاں آنے والے سیاح مرجان کو اس کی قدرتی شکل میں دیکھ کر اس بات کا اندازہ کر سکتے ہیں کہ کس طرح ماہر ہنر مند سیاہ مرجان کو تراش کر تسبیح کے دانوں کی شکل دیتے ہیں۔

 

شیئر: