پاکستان نیوی کا اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ، ’ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظہر‘
جمعرات 16 اپریل 2026 9:47
پاکستان نیوی نے مقامی سطح پر تیار کردہ بحری جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میں ہدف کو دور سے تیز رفتاری کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاکستان نیوی کی جنگی تیاری اور ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے علاوہ معروف سائنسدانوں اور انجینیئرز نے بھی میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید رہنمائی نظام اور بہتر انداز میں سمت بدلنے کی صلاحیت سے لیس ہے جس کے باعث یہ خطرات سے بچتے ہوئے بدلتی صورتحال میں اپنے ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ اس میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی اور عملی مہارت کے امتزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام پاکستان نیوی کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ روایتی دفاع کے شعبے میں سمندری حدود میں مؤثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھے اور خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنائے۔
ماہرین کے مطابق اینٹی شپ میزائل جدید بحری جنگ میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ دشمن کے جنگی جہازوں کو دور سے نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان اس سے قبل بھی مختلف نوعیت کے بحری دفاعی نظام تیار اور آزمائش کر چکا ہے، جو اس کی دفاعی خود انحصاری کی پالیسی کا حصہ ہیں۔
صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کی قیادت نے اس کامیاب تجربے پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
