ایرانی سفیر کی طلبی، انڈیا کا آبنائے ہرمز میں دو انڈین جہازوں پر حملے پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا
انڈین حکومتی ذرائع کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے جہازوں میں سے ایک کی شناخت ’سنمار ہیرالڈ‘ کے طور پر ہوئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے کہا ہے کہ اس نے نئی دہلی میں ایرانی سفیر کو طلب کرکے ہفتے کے روز آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے دو انڈیا پرچم بردار جہازوں پر حملے پر اپنی ’شدید تشویش‘ ظاہر کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین حکومتی ذرائع کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے جہازوں میں سے ایک کی شناخت ’سنمار ہیرالڈ‘ کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جہاز پر موجود عملہ اور جہاز دونوں محفوظ ہیں۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق، اعلیٰ ترین سفارتی اہلکار نے ایرانی سفیر سے کہا کہ وہ انڈیا کا مؤقف ایرانی حکام تک پہنچائیں اور جلد از جلد وہ عمل دوبارہ شروع کیا جائے جس کے تحت انڈین جانے والے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی سفیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یہ مؤقف ایرانی حکام تک پہنچائیں گے۔
