ایران، امریکہ مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ مقرر نہیں ہوئی ہے: ایرانی نائب وزیر خارجہ
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ترکی کے جنوبی صوبے انطالیہ میں منعقدہ سالانہ سفارتی فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’جب تک ہم فریم ورک پر متفق نہیں ہوتے، ہم تاریخ مقرر نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت ہم دونوں فریقوں کے درمیان مفاہمت کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ہم کسی ایسی بات چیت یا ملاقات میں شامل نہیں ہونا چاہتے جو ناکامی کا باعث بنے اور مزید کشیدگی کے لیے جواز فراہم کرے۔‘
خطیب زادہ نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’بہت ٹویٹس کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا، ’امریکی فریق بہت ٹویٹس کرتا ہے، بہت باتیں کرتا ہے۔ کبھی کبھی باتیں الجھن پیدا کرتی ہیں، اور بعض اوقات ایک دوسرے سے متضاد ہوتی ہیں۔‘
ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے طویل مدتی معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کر سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں فینکس، ایریزونا سے واشنگٹن واپسی کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’شاید میں اسے توسیع نہ دوں، لیکن (ایرانی بندرگاہوں پر) ناکہ بندی برقرار رہے گی۔‘
’تو ایک ناکہ بندی ہوگی، اور بدقسمتی سے ہمیں دوبارہ بمباری شروع کرنا پڑ سکتی ہے۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں معاہدہ ہونے کی امید ہے۔ ’میرا خیال ہے کہ یہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ ’ہمیں تقریباً 20 منٹ پہلے کچھ اچھی خبریں ملی ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ ایران کے حوالے سے مشرق وسطیٰ میں معاملات بہتر جا رہے ہیں۔‘
صدر ٹرمپ سے جب ان سے اچھی خبروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’آپ اس کے بارے میں سنیں گے۔ میرا خیال ہے کہ یہ ہونا چاہیے، یہ ایک معقول بات ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ہو جائے گا۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔‘
صدر ٹرمپ نے اے ایف پی کو بھی بتایا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے میں اب ’کوئی رکاوٹ باقی نہیں‘ اور معاہدہ ’بہت قریب‘ ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک مختصر ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا’ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کون سے مسائل ابھی حل طلب ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ’کوئی رکاوٹ نہیں۔‘
