Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا سے وقفہ: ذہنی صحت پر حیران کن اثرات سامنے آگئے

چھ ہفتوں تک فیس بُک استعمال نہ کرنے والے صارفین کی جذباتی کیفیت میں واضح بہتری دیکھی گئی (فائل فوٹو: گیٹی)
ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوشل میڈیا سے کچھ عرصے کے لیے دور رہنا ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق سٹینفورڈ یونیورسٹی کے محققین نے تقریباً 36 ہزار فیس بک اور انسٹاگرام صارفین پر تحقیق کی، جس میں انہیں سنہ2020 کے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل کچھ ہفتوں کے لیے لاگ آف کرنے کو کہا گیا۔
تحقیق کے مطابق وہ صارفین جنہوں نے چھ ہفتوں تک فیس بک استعمال نہیں کیا، ان کی جذباتی کیفیت میں واضح بہتری دیکھی گئی۔
ان افراد کا موازنہ ایک ایسے گروپ سے کیا گیا جو صرف ایک ہفتے کے لیے لاگ آف ہوا تھا۔
انسٹاگرام صارفین میں بھی بہتری دیکھی گئی، تاہم یہ اثر نسبتاً کمزور رہا اور سخت شماریاتی جانچ میں زیادہ مضبوط ثابت نہ ہو سکا۔
تحقیق کے مطابق فیس بک سے دوری کے سب سے زیادہ مثبت اثرات 35 سال سے زائد عمر کے افراد، غیر فیصلہ کن ووٹرز اور کم تعلیمی پس منظر رکھنے والوں میں دیکھے گئے۔ جبکہ انسٹاگرام کے حوالے سے 18 سے 24 سال کی خواتین میں نسبتاً بہتر نتائج سامنے آئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صارفین نے سوشل میڈیا چھوڑ کر زیادہ وقت حقیقی زندگی کی سرگرمیوں میں نہیں گزارا، بلکہ یہ وقت دیگر ایپس پر صرف کیا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ذہنی بہتری کی اصل وجہ مخصوص پلیٹ فارمز سے دوری تھی، نہ کہ سکرین ٹائم میں کمی۔

صارفین نے سوشل میڈیا چھوڑ کر زیادہ وقت حقیقی زندگی کی سرگرمیوں میں نہیں گزارا (فائل فوٹو: پکسابے)

یہ تحقیق اپنی نوعیت کے بڑے تجربات میں سے ایک ہے اور پہلی بار انسٹاگرام کے اثرات کو الگ سے جانچا گیا ہے۔
دوسری جانب، حال ہی میں یوٹیوب اور انسٹاگرام کو 60 لاکھ ڈالر جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑا، جب لاس اینجلس کی ایک جیوری نے ان ایپس کو ایک نوجوان خاتون کی ذہنی صحت کی خرابی کا ذمہ دار قرار دیا۔

شیئر: