چین نے اپنے انسانی خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں کو امیدوار کے طور پر منتخب کر لیا ہے.
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے نے بدھ کے روز رپورٹ کیا کہ دونوں خلاباز تربیت کے لیے چین جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی خلابازوں میں سے ایک خلائی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ حصہ لے گا اور چین کے خلائی اسٹیشن میں جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بنے گا۔
سرکاری خبر راساں ادارے شینوا کے مطابق چین کی ’مینڈ سپیس ایجنسی‘ نے بدھ کی دوپہر کو اعلان کیا کہ دو پاکستانی امیدواروں کو چین کے خلائی مشن کی تربیت کے لیے پہلے غیر ملکی خلا بازوں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
ایجنسی نے اسے چینی خلائی اسٹیشن میں بین الاقوامی تعاون کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد جلد تربیت کے لیے ریزرو خلا بازوں کے طور پر چین جائیں گے۔ تمام تربیت اور جائزوں کی تکمیل کے بعد، ان میں سے ایک خلا میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ مشن میں حصہ لے گا اور تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بنے گا۔
ایجنسی کے مطابق، چین کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے غیر ملکی خلا بازوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ اپریل کے اوائل میں مکمل کر لیا گیا تھا۔








