Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شفیق الرحمٰن: ایک سخی ادیب جو کتابیں بانٹتا اور محبتیں سمیٹتا رہا

ادیبوں کے بچے بھی کرنل شفیق الرحمن کی توجہ کے مستحق ٹھہرتے تھے (فائل فوٹو: الکیٹرون ڈاٹ کام)
معروف مزاح نگار اور کالم نویس عطاءالحق قاسمی نے گزشتہ دنوں جنگ اخبار میں اپنے کالم کا آغاز کچھ یوں کیا:’جناب شفیق الرحمٰن ایک کرم ہم پر یہ کرتے تھے کہ طنز و مزاح پر مشتمل انگریزی کتابیں اور رسالے ہمیں گاہے گاہے ایک وزنی پیکٹ کی صورت میں ارسال کرتے رہتے تھے، چنانچہ ہمارے پاس 'پنچ‘ کے پرانے پرچوں کا ڈھیر اور کتابوں کی ڈھیریاں لگ گئیں۔
گزشتہ ہفتے ان میں ہمیں دو کتابیں Two Thousand Insults اور Two Thousand More Insults نظر آئیں ۔ ہم نے ان کتابوں کے اُردو نام ہتک آمیز مواد اور مزید ہتک آمیز مواد تجویز کیے ہیں۔ یہ کتابیں مختلف النوع افراد کے بارے میں دو دو ہزار کٹیلے جملوں پر مشتمل ہیں۔‘
ان کتابوں کے منتخب حصوں کا ترجمہ بھی عطاء الحق قاسمی کے کالم میں شامل ہے۔
کتابوں کے تعلق سے شفیق الرحمٰن کی سخاوت کا تذکرہ گزشتہ سال میں نے اپنے ایک مضمون میں کیا تھا اور اس میں مستنصر حسین تارڑ اور ان کے بچوں پر ان کی نوازشات کا حوالہ دیا تھا۔
عطاء الحق قاسمی کے کالم نے شفیق الرحمٰن کی شخصیت کے اس رخ کو مزید اجاگر کرنے کی راہ سجھائی۔
یہ ادب کے ان تھک قاری کی کتابوں سے فعال دلچسپی کے سفر کی کہانی ہے جس میں ان کا سانس نہیں اکھڑا، ان کی طرف سے زندگی کے آخری دنوں میں بھی احباب کو کتابیں سپلائی ہوتی رہیں۔
اردو کے ادیبوں میں شفیق الرحمٰن سا دیالو شاید ہی کوئی آیا ہو۔
COL. SHAFIQUR REHMAN : Shafiq-ur-Rehman (Urdu: شفیق الرحمن) (Nov 9, 1920 -  Mar 19, 2000) was a famous Pakistani humorist and a short-story writer of  Urdu language. He is one of the
شفیق الرحمٰن کی اس فیاضانہ خُو سے بہت سے لوگ مستفید ہوئے (فائل فوٹو: حق فاؤنڈیشن، فیس بک)

مسعود اشعر نے اپنے ایک کالم میں کتابوں کے رسیا افراد کی دو قسمیں بتائی تھیں، ایک وہ کنجوس جنہوں نے کتاب پڑھی اور دل میں رکھ لی۔ دوسرے وہ سخی جو خود بھی پڑھتے ہیں اور دوسروں کو بھی پڑھواتے ہیں۔ شفیق صاحب کا شمار اسی قبیل کے لوگوں میں ہوتا تھا۔
ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے ’شفیق الرحمٰن فن و شخصیت‘ میں بتایا ہے کہ مہمان نوازی اور احباب کو کتب و رسائل کے تحفے ارسال کرنا ان کے مزاج کا حصہ تھا۔
شفیق الرحمٰن کی اس فیاضانہ خُو سے بہت سے لوگ مستفید ہوئے، ان میں ممتاز ادیب انتظار حسین بھی شامل ہیں جن کے نام ایک خط میں انہوں نے لکھا تھا:
’آپ کے سارے کالموں میں طنز و مزاح کی چاشنی ہوتی ہے اور کسی کسی کے آخر میں وہ twist بھی ہوتا ہے جو او ہنری کی کہانیوں کا خاصہ ہے۔ Buchwald کی ایک کتاب پچھلے ہفتے مل گئی، اسے پڑھ رہا ہوں، چند ہفتوں تک بھیجوں گا۔‘
راولپنڈی میں پرانی کتابوں کے بازار میں شفیق الرحمٰن باقاعدگی سے جاتے تھے، جہاں سے مال چھانٹ کر احباب کی  نذر کرتے۔ دوسرے شہروں سے آنے والے دوست بھی ان کے ساتھ فٹ پاتھ پر آراستہ اس کتابستان کا دورہ کرتے تھے۔ مستنصر حسین تارڑ نے ان کے ساتھ اپنی ایک سنگت کا احوال ان الفاظ میں رقم کیا ہے:
’کتابوں کے اس پریم نگر میں ایسے گم ہوئے کہ مجھ سے غافل ہو گئے۔ ہر کتاب کو ایک گم گشتہ محبوبہ کی مانند ہاتھوں میں لیتے اور پرکھ کرتے کہ میرے دوستوں میں سے  وہ کون ہے جو اس موضوع  سے دلچسپی رکھتا ہو۔ وہ نہایت باقاعدگی سے اپنے قریبی دوستوں کو ان کی پسند کے مطابق پرانی کتابوں کے بنڈل روانہ کرتے۔ میرے لیے وہ قدیم سفرناموں ، تاریخ کی کتابوں اور شاہکار ناولوں کا چناو کرتے۔‘

راولپنڈی میں پرانی کتابوں کے بازار میں شفیق الرحمٰن باقاعدگی سے جاتے تھے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

محمد خالد اختر اور شفیق الرحمٰن کی دوستی بہاولپور میں سکول کے زمانے سے تھی جس میں کتابوں سے محبت کی ہم ذوقی بھی شامل تھی۔ خالد اختر نے اس ہرے بھرے زمانے کو شفیق الرحمٰن کے خاکے میں یاد کیا ہے۔
کتابوں سے ان کے رشتے کی تجدید اکتوبر 1979 میں ہوئی جب خالد اختر نے راولپنڈی میں قدیمی دوست کے ساتھ دو دن گزارے اور ان لمحات کو ’ایک خوشگوار سفر‘ کے عنوان سے خوب صورت پیرائے میں قلمبند کیا۔
ان دو دنوں میں  ایک دن جمعہ کا تھا۔ ان دنوں یہ ہفتہ وار چھٹی کا دن ہوتا تھا۔ دونوں نے صدر کے علاقے میں پرانی کتابوں کا میلہ مل کر لوٹا۔
محمد خالد اختر نے لکھا ہے ’بازار کے چوک میں چاروں سمت پیومنٹ پر پرانی کتابوں، رسالوں، میگزینوں کے ڈھیر بچھے ہوئے تھے اور گاہکوں کی ریل پیل سے اندازہ ہوتا تھا کہ پنڈی کے لوگ کافی لٹریری ہیں اور کتابیں پڑھنے پر مائل ہیں۔ لاہور میں جو کتابوں کا میلہ ہر جمعے کے روز انارکلی کی بائبل سوسائٹی کے آس پاس لگتا ہے، پنڈی کے میلے کے پاسنگ بھی نہیں۔ شفیق اپنے چوڑے رم کے گورکھا ہیٹ میں (جسے اوڑھے ہوئے وہ شادی کی تقریب میں شامل ہوا تھا) پرانی کتابیں بیچنے والوں کے لیے ایک آشنا، جانی پہچانی صورت ہے۔ ان میں سے دو تین نے اٹھ کر اس سے مصافحہ کیا اور اس کی خیریت دریافت کی۔ ڈیڑھ دو گھنٹے ہم نے اس میلے کی سیر کی، چند کتابیں خرید کیں اور کچھ پرانے سیچرڈے ریویو آف لٹریچر اور پنچ کے پرچے۔ اب شام کے ساڑھے چار پانچ ہو چکے تھے اور اپنے بنڈلوں، پیکٹوں سے لدے پھندے ہم نے گھر چلنے کی ٹھانی۔‘
شگوفے از شفیق الرحمن | Kutub Mela | کتب میلہ
محمد خالد اختر اور شفیق الرحمٰن کی دوستی بہاولپور میں اسکول کے زمانے سے تھی (فائل فوٹو: اولڈ بکس)

پرانی کتابوں سے محمد خالد اختر کے گہرے رشتے کی وضاحت ان کے اس قول سے ہوتی ہے:
’سیکنڈ ہینڈ کتابوں کو سونگھنا، ان کے ورق الٹنا، ان کو پرکھنا میرے لیے سب غموں اور دکھوں کا تریاق ہے۔ کیسے کیسے خزانے آدمی کو یہاں ملتے ہیں۔‘
ان یارانِ کہن نے پرانے وقتوں کی یادیں تازہ کیں، کتابوں کی باتیں ہوتی رہیں، ورلڈ بیسٹ بکس کو دیکھا کیے جو شفیق الرحمٰن نے خالد اختر کی تحریک پر اس زمانے میں خریدی تھیں جب وہ انڈین میڈیکل سروس میں لیفٹیننٹ تھے اور یہ چھ جلدیں ساٹھ ستر روپے میں مل گئی تھیں۔
شفیق الرحمٰن نے کتابوں کو ٹرنکوں میں سینت کر رکھا تھا۔ دونوں نے اپنے محبوب ایسے ایسٹ (ESSAYIST) اے جی گارڈنیر کو یاد کیا جس کی سب تصانیف شفیق صاحب کے پاس تھیں۔ خالد اختر نے اس جہانِ حیرت کی جی بھر کر سیر کی:
’مارک ٹوین، ای وی لوکس، جی کے چیسٹرٹن، پریسٹلے کی بھولی بسری نایاب جلدیں، جن سے ہم اپنے آغازِ شباب کے ایام میں محبت کرتے تھے اور جن کو موجودہ نسل میں کوئی نہیں پڑھتا۔ اور  پھر ایک کونے میں چپکے سے سمٹی ہوئی  'Alpha of the Plough'( اے جی گارڈنیر کا قلمی نام) کی چھ ایسیز کی کتابیں تھیں، چھ سبز چھوٹی سی کتابیں ... میں نے اس کی کتابیں سالوں کے بعد دیکھیں۔ ایک پھانس سی میرے حلق تک آئی اور میں نے انہیں بھیگی ہوئی آنکھوں سے، احترام سے اس گوشے سے اٹھایا۔ ان کی سبز جلدوں کو (جن پر ایک مسافر کو اپنے ہاتھ میں کتاب لیے اور جنگل کی راہگزر میں چلتے دکھایا گیا ہے) اپنے ہاتھ سے بار بار تھپکا، ایلفا، پیارے ایلفا، تم نے ہمیں ہماری جوانی میں کیا کچھ نہیں دیا۔‘
کسی زمانے میں شفیق صاحب نے خالد اختر کو  رابرٹ لند  کی کتاب It's a Fine World  دی تھی جس پر ان کے دستخط اور سنہ 1944  درج ہے ۔ یہ کتاب اب کراچی میں  کاشف رضا کی مملوکہ ہے جنہیں اس کے علاوہ بھی خالد اختر صاحب نے اپنے ذخیرے سے چند کتابیں دان کی تھیں۔
محمد خالد اختر اور شفیق الرحمٰن کے کتابوں سے تعلق کے طولانی قصے کا ملخص میں نے بیان کر دیا ہے۔ اب دوبارہ سے ان کی کتابوں کے بارے میں دریا دلی کی طرف پلٹتے ہیں۔
Taaoos Chaman Ki Myna - Audiobook - Naiyer Masud - ISBN 9781509476169 -  Storytel
اسماعیل صدیقی نے شفیق الرحمٰن سے ملنے والی کتابوں میں نیر مسعود کے افسانوں کی کتاب ’طاؤس چمن کی مینا‘ کا ذکر کیا ہے (فائل فوٹو: سٹوری ٹیل)

 ان کی شخصیت کے اس پہلو پر بریگیڈیئر محمد اسماعیل صدیقی نے ’لخت لخت داستان‘ میں روشنی ڈالی ہے۔ وہ شفیق الرحمٰن کے پُرشوق قاری تھے، انہیں پنڈی میں کتابوں کی دکانوں اور صدر میں ایڈورڈز روڈ( موجودہ بینک روڈ) پر پرانی کتابوں کے بازار میں خریدار کی حیثیت سے دیکھتے تو یہی سوچتے کہ وہ متاع بے بہا اپنے واسطے جمع کرتے ہوں گے   لیکن مراسم استوار ہونے پر کتابوں کا تبادلہ ہونے لگا اور انہیں شفیق الرحمٰن کی جانب سے کتابوں کے بنڈل ملنا شروع ہوئے تو حقیقت ان پر آشکار ہوئی۔ اسماعیل صدیقی کو انہوں نے لگ بھگ پچاس کتابوں سے نوازا۔ کتابوں کے دو بنڈل وفات سے چند روز پہلے انہیں موصول ہوئے۔
اسماعیل صدیقی نے شفیق الرحمٰن سے ملنے والی کتابوں میں نیر مسعود کے افسانوں کی کتاب ’طاؤس چمن کی مینا‘ کا ذکر کیا ہے۔ کتاب کا نام جس افسانے پر ہے وہ  محمد خالد اختر کو بہت پسند تھا اور کیا عجب کہ یہ کتاب انہی کے توسط سے شفیق الرحمٰن تک پہنچی ہو  کیوں کہ خالد صاحب نے زبانی کلامی اور خطوں میں اس کہانی کے بارے میں ازحد پسندیدگی ظاہر کی تھی، محمد سلیم الرحمٰن کے نام خطوط میں بھی اس کہانی کا حوالہ موجود ہے:
’نیا سوغات آپ نے دیکھا؟ اس میں نیر مسعود کی کہانی طاؤس چمن کی مینا نے بہت متاثر کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کہانی فنی طور پر مکمل ہے اور نیر مسعود نے اس سے بڑی کہانی پہلے نہیں لکھی۔ میں اسے اردو کی بڑی کہانیوں میں مقام دینے میں نہیں ہچکچاؤں گا... آپ پڑھیں گے تو عش عش کر اٹھیں گے۔‘
رضا علی عابدی بھی شفیق الرحمٰن کے عشاق میں شامل ہیں۔ محکمہ ڈاک نے ان کے  محبوب مصنف کا یادگاری ٹکٹ جاری کیا تو وہ بہت خوش ہوئے اور اپنے کالم میں بتایا کہ سنہ ساٹھ اکسٹھ میں جب وہ روزنامہ جنگ راولپنڈی سے وابستہ تھے تو صدر کی ایڈورڈز روڈ پر سحاب قزلباش کے بھائی اقبال صاحب کی کتابوں کی دکان پر شفیق الرحمٰن آیا کرتے تھے۔
COL. SHAFIQUR REHMAN : Shafiq-ur-Rehman (Urdu: شفیق الرحمن) (Nov 9, 1920 -  Mar 19, 2000) was a famous Pakistani humorist and a short-story writer of  Urdu language. He is one of the
شفیق الرحمٰن کی کتاب نوازی سے ان کی طبیعت کی فراخی اور ذہنی کشادگی کا پتا چلتا ہے (فائل فوٹو: حق فاؤنڈیشن لکھنو۔ فیس بک)

کتابوں کے معاملے میں ان کی سخاوت صرف انھیں خرید کے بانٹ دینے تک محدود نہیں تھی۔ وہ ایک ایسے دریا دل جوہری تھے کہ ایک ایک گوہر پرکھ کر قیمتی سے قیمتی انتخاب دوستوں کی نذر کرتے تھے۔ اسی سے جڑی ان کی ایک عادت یہ بھی تھی کہ کتاب دینے سے پہلے اس کی دہرائی کرتے تھے مثلاً آرٹ بکوالڈ کی کتاب پڑھ کر انتظار صاحب کو بھیجنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہیں۔
تارڑ صاحب کو ایگزیوپیری کی ایک کتاب بھیجنے کے بعد اس کی ایک دوسری کتاب کا تذکرہ کر رہے ہیں:
’ ایگزیوپیری کا شاہکار Wind, Sand and Stars جو اس کی آپ بیتی ہے۔ یہ کتاب جب بھی ملی آپ کو ضرور بھیجوں گا۔‘
اسی طرح والٹیئر کا 'کاندید' تیسری چوتھی دفعہ پڑھ کر اس سے پہلے کی طرح لطف اندوز ہونے کی خبر دیتے ہوئے یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ ’آپ نے یہ شاہ کار نہ پڑھا ہو تو مطلع کریں، میں بھیجوں گا۔‘
شفیق الرحمٰن کی کتاب نوازی سے ان کی طبیعت کی فراخی اور ذہنی کشادگی کا پتا چلتا ہے۔ یہ عمل دوسروں کی ذات اور لکھت میں دلچسپی کا غماز بھی ہے  اور انہیں معیاری کتابوں سے متعارف کروانے کی سعی مشکور بھی۔ وہ لکھاری دوستوں کو کتابوں کی کمک پہنچانے کا کھکیڑ اٹھاتے تھے۔ نوواردانِ ادب سے لے کر منجھے ہوئے ادیبوں پر ان کی کرم فرمائی ہوتی تھی اور ادیبوں کے بچے بھی ان کی توجہ کے مستحق ٹھہرتے تھے۔ ایسی شخصیات کو فیض رساں کہا جاتا ہے۔

شیئر: