Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں بارشوں سے ہزاروں خیمے زیرِ آب، پاکستان کی اسرائیلی پابندیوں کی مذمت

وزیراعظم نے بارشوں میں ڈوبے ہوئے خیموں اور پناہ سے محروم فلسطینی بچوں کی تصاویر کو ’دل دہلا دینے والا‘ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو غزہ میں انسانی امداد کی رسائی پر اسرائیلی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی ضروریات سے محروم رکھنا ناقابل قبول ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کے اختتام پر ہونے والی شدید بارشوں اور موسم سرما کے پہلے طوفان نے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے ہزاروں خیموں کو زیرِ آب کر دیا۔
امدادی تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق ایک ہی دن میں تقریباً 70 ہزار خیمے متاثر ہوئے جبکہ سول ڈیفنس کو 15 سو سے زائد امدادی کالز موصول ہوئیں۔
شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ غزہ کے عوام تک بنیادی انسانی امداد کی فراہمی روکنے کے لیے اسرائیل کے مسلسل غیر قانونی اقدامات پر شدید تشویش رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے بارشوں میں ڈوبے ہوئے خیموں اور پناہ سے محروم فلسطینی بچوں کی تصاویر کو ’دل دہلا دینے والا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بچوں کو بھوک، شدید سردی اور بے بسی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں جنگ بندی، بین الاقوامی قانون اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت کی ان خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘
شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ غزہ کے عوام تک فوری انسانی امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن سفارتی اور انسانی راستہ اختیار کیا جائے۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کے باعث فلسطینی خاندان اپنے عارضی ٹھکانوں کو محفوظ بنانے کے قابل بھی نہیں رہے۔ سیو دی چلڈرن کے مطابق اسرائیل تیار شدہ رہائشی یونٹس، خیموں، ترپالوں، کمبلوں، ایندھن اور تباہ شدہ عمارتوں کی مرمت کے لیے درکار سامان کی ترسیل پر پابندیاں برقرار رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رکھتا اور غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں پر مسلسل تنقید کرتا رہا ہے۔ اسلام آباد دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے جس کے تحت 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

 

شیئر: