سعودی عرب کی نان آئل ایکسپورٹ میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ
جمعرات 23 اپریل 2026 19:57
مجموعی تجارتی سامان کی برآمدات میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا کہنا ہے’ فروری 2026 میں نان آئل ایکسپورٹ جن میں ری ایکسپورٹ شامل ہے، گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 15.1 فیصد بڑھی ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ’ نان آئل قومی ایکسپورٹ جس میں ری ایکسپورٹ شامل نہیں، میں 6.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ری ایکسپورٹ مصنوعات میں 28.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
اس اضافے میں مشینریز، الیکڑیکل ایکوپمنٹ اور سپیئر پارٹس شامل تھے، جن کی برآمدات میں 59.9 فیصد اضافہ ہوا جو مجموعی ری ایکسپورٹ کا 53.9 فیصد ہے۔
اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے مجموعی تجارتی سامان کی برآمدات میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تیل کی برآمدات میں محض 0.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تاہم کل برآمدات میں تیل کا حصہ اسی عرصے کے دوران 71.5 فیصد سے کم ہو کر 68.7 فیصد رہ گیا ہے۔
علاوہ ازیں درآمدات میں 6.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں تجارتی توازن کے سرپلس میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 1.0 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فروری 2026 میں چین، سعودی عرب کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا، جو کل برآمدات کا 13.7 فیصد اور درآمدات کا 29.8 فیصد ہے۔

دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات رہا، جس کا حصہ برآمدات میں 12.1 فیصد اور درآمدات میں 8 فیصد رہا جبکہ جاپان 9.3 فیصد کے ساتھ برآمدات کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر رہا۔
بین الاقوامی تجارتی اشیا کے اعداد وشمار کے متعلقہ اداروں کے انتظامی ریکارڈ پر مبنی ہوتے ہیں، جن میں نان آئل سیکٹر کے لیے زکوۃ، ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی اور آئل سیکٹر کے لیے وزارتِ توانائی کے اعداد وشمار شامل ہیں۔
ان ریکارڈز کو شائع کرنے سے قبل شماریاتی جانچ اور پروسیسنگ کے مراحل سے گزارا جاتا ہے تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔
