Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ عوام کے لیے کھول دیا گیا

مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا واٹر پارک ’اکواریبیا‘ جمعرات کے روز ریاض کے مضافات میں واقع قدیہ سٹی انٹرٹینمنٹ کمپلیکس میں کھول دیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ پارک ڈھائی لاکھ مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو آٹھ تھیم زون میں تقسیم ہے اور ہر زون، مملکت کے مقامی جنگلی حیات اور مناظر سے متاثر ہے۔
پارک میں 22 رائیڈز اور تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں جن میں سات  ڈرائی رائیڈز بھی شامل ہیں۔
’اکواریبیا‘ میں مختلف نوعیت کی تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج کو شامل کیا گیا ہے جن میں ہائی سپیڈ واٹر کوسٹر، ریکارڈ بریکنگ سلائیڈز، سرفنگ پیکجز اور بڑے ویو پولز کے علاوہ فیملی کے لیے دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں۔
گزشتہ ماہ ’اکواریبیا‘ کی سافٹ لانچنگ کی گئی تھی۔ یہ پارک، تفریح، سپورٹس اور ثقافت کے لیے ایک عالمی مقام کے طور پر قدیہ سٹی کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی جانب ایک نیا قدم ہے۔
پارک کے اندر فوڈ اور بیوریج کے 25 آؤٹ لیٹس اور سات ریٹیل سٹورز پارک کے واقع ہیں جہاں مہمانوں کو  تیراکی کے لباس سے لے کر سن کریم اور تحائف سمیت ان کی ضرورت کی ہر چیز مل سکتی ہے۔
یہ پارک روزانہ دوپہر سے رات آٹھ بجے تک کھلا رہے گا جبکہ جمعے کا دن خواتین کے لیے مختص کیا گیا۔

ہفتے کے روز ’اکواریبیا‘ میں ’سپلش فیسٹ‘ کا انعقاد کیا جائے گا جو خاندانوں کے لیے خصوصی تقریب ہوگی اور افتتاحی پروگرام کی نمایاں سرگرمی سمجھی جا رہی ہے۔
اس تقریب میں ہر عمر کے افراد کے لیے تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج پیش کی جائے گی جبکہ مرکزی پرفارمنس دوپہر کے وقت دروازے کھلنے کے ساتھ شروع ہوگی۔
ٹکٹ کی قیمت 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے 275 سعودی ریال (73 ڈالر) سے شروع ہوتی ہے۔
چار سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 170 سعودی ریال ہے۔

چار سال سے کم عمر بچے بکنگ کے ذریعے مفت داخل ہو سکتے ہیں جو ’اکواریبیا‘کی ویب سائٹ یا پارک کی آفیشل ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
سالانہ پاس کی قیمت 1200 سعودی ریال ہے جس پارک میں متعدد بار داخلے کی اجازت دیتا ہے۔
تاہم یہ پاس سرف لیگون، ہرڈنگ گراؤنڈز اور ایکواٹیکار میں داخلے کے لیے قابلِ استعمال نہیں ہے۔

شیئر: