Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’2 منٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار ویوز‘، سدھو موسے والا کے نئے گانے ’آئیز آن می‘ کا ٹیزر ریلیز

34 سیکنڈ پر مشتمل ٹیزر میں سدھو موسے والا کو ایکشن سے بھرپور انداز میں دکھایا گیا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
انڈین پنجاب سے تعلق رکھنے والے مقتول گلوکار و سیاست دان سدھو موسے والا کے گانے کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی دو منٹ میں سپر ہٹ ہو گیا۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق اس گانے کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔
سدھو موسے والا کی ٹیم نے جمعے کی صبح ’آئیز آن می‘ کا ٹیزر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس گانے کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ان کے قتل اور اس سے قبل ان کو ختم کرنے کے لیے ہونے والی مبینہ سازشوں سے متعلق ہے۔
 گانے کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور بہت بڑی تعداد میں اس کو صارفین نے دیکھا۔
آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس کو صرف دو منٹ کے دوران 15 ہزار لائیکس ملے جبکہ یوٹیوب چینل پر پر اس کو دو منٹ میں ہی اس کو ایک لاکھ 20 ہزار مرتبہ دیکھا گیا۔
34 سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں سدھو موسے والا کو ایکشن سے بھرپور انداز میں دکھایا گیا ہے۔
آغاز ایک نقاب پوش شخص سے ہوتا ہے، جس کے ہاتھ میں پستول ہے اور وہ اس کو پنجاب کے نقشے پر مانسا ضلع کے اوپر رکھتا ہے، اس کے بعد سدھو موسے والا ایک جیپ چلاتے دکھائی دیتے ہیں اور پھر جب کچھ لوگ ان کا راستہ روکنے اور ہتھیار تاننے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ اے کے رائفل سے فائرنگ کرتے نظر آتے ہیں۔
ٹیز میں ایک شعر بھی سنائی دیتا ہے ’منڈا بلیک کیٹ تیری، تیرے گولی مروا دو گی۔‘
قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ موسے والا کی پچھلی میوزک ویڈیو باروٹا ویڈیو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دوسری ویڈیو بنی، جس پر ایک کروڑ سے زائد لوگوں نے کمنٹس کیے۔
سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سے ان کی ٹیم اب تک ان کے 12 گانے ریلیز کر چکی ہے جن میں سے ہر ایک کو بہت زیادہ توجہ ملی ہے، باروٹا کو پچھلے برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا۔
سدھو موسے والا کا ہولوگرام پر مبنی ورلڈ ٹور جس کا عنوان ہے ’سائنڈ ٹو ورلڈ ٹور‘ ہے، کے بارے میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس کو بھی جلد ہی ریلیز کر دیا جائے گا۔

سدھو موسے والا مئی 2022 میں قتل کر دیا گیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا، سدھو موسے والا)

اس ٹور میں ہولوگرام کا استعمال کیا جائے گا تاکہ پروجیکشن تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کے لیے ان کو سٹیج پر دوبارہ لایا جائے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس ٹور میں انڈیا، پاکستان، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت آٹھ ممالک شامل ہوں گے۔
واضح رہے سدھو موسے والا پنجابی کے ایک مشہور گلوکار تھے جبکہ سیاست سے بھی وابستہ رہے اور 29 مئی 2022 کو 28 برس کی عمر میں پنجاب کے ضلع مانسا میں اس وقت گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا جب وہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

 

شیئر: