کویت کی سرحدی چوکیوں پر ڈرون حملہ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی مذمت
عراقی علاقے سے آنے والے ڈرونز نے دوسرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا،( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے کویت کی سرحدی چوکیوں پر عراقی علاقے سے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کویتی فوج نے جمعے کو کہا تھا کہ’ ہمسایہ ملک عراق کی سمت سے آنے والے دو ڈرونز نے شمالی سرحد پر سرحدی چوکیوں میں سے دو کو نشانہ بنایا، جس سے مادی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں مملکت کی جانب سے کسی بھی ریاست کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی سختی سے مسترد کیے جانے پر زور دیا۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’عراقی حکومت کو خلیجی ملکوں کو لاحق ان خطرات کے حوالے سے ذمہ داری کے ساتھ نمٹنا چاہیے۔‘
سعودی عرب نے کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ کویت کی جانب سے اپنی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیےتمام اقدامات کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کویتی فوج نے ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا تھا کہ ’جمعے کو صبح کویت کی دو شمالی زمینی سرحدی چوکیوں میں سے دو کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ خیز مواد سے لدے دو ڈرونز عراق سے داغے گئے تھے۔ جس سے مادی نقصان ہوا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
بحرین اور متحدہ عرب امارات نے بھی اس حملے کی مذمت کی، اسے کویت کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
