سعودی عرب کی متحدہ عرب امارات کے خلاف دہشت گرد منصوبے کی مذمت
اماراتی سکیورٹی فورسز کی کارکرگی اور چوکسی کی تعریف کی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کے اتحاد اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کےلیے دہشت گردی کی سازش کی مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مملکت نے دہشت گرد سیل کو ختم کرنے، اس کے ارکان کو گرفتار کرنے اور اس کے مجرمانہ منصوبوں کو ناکام بنانے پر متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی فورسز کی کارکرگی اور چوکسی کی تعریف کی ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تمام اشکال سے نمنٹے کے لیے اقدامات کے لیے سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یاد رہے متحدہ عرب امارات کے سٹیٹ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ روز ایک دہشت گرد تنظیم کو بے نقاب کرنے اور اس کے ارکان کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا، جو ملک میں قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے، دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کے منظم منصوبوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث تھے۔
تنظیم کے ارکان نے شدت پسندانہ دہشت گرد نظریات اختیار کر رکھے تھے جو داخلی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ وہ خفیہ اجلاسوں کے ذریعے بھرتی اور متحرک کرنے کی سرگرمیوں میں مصروف تھے، جس کا مقصد بیرونی عناصر کے ساتھ مل کر حساس مقامات تک رسائی حاصل کرنا تھا۔
نگرانی اور تفتیشی عمل کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ تنظیم ملک کے اندر اور باہر خفیہ ملاقاتیں کرتی رہی، جن میں دہشت گرد عناصر اور مشکوک اداروں کے ساتھ روابط استوار کیے گئے۔
ان سرگرمیوں کا مقصد اماراتی نوجوانوں میں گمراہ کن نظریات پھیلانا، انہیں بیرونی وفاداریوں کے لیے بھرتی کرنا، ریاست کی خارجہ پالیسی اور داخلی اقدامات کے خلاف اکسانا اور ملک کا منفی تاثر پیش کرنا تھا۔
