ایرانی عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ پہنچ گیا
ایران سے عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی الاخباریہ کے مطابق پہلی پرواز 260 عازمین کو ایران سے مدینہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی ہے۔
پرنس محمد بن عبدالعزیر ایئرپورٹ پر عازمین حج کے قافلے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
مملکت میں ایران کے سفیر علی رضا عنایتی نے الشرق الاوسط کو بتایا’ ایرانی عازمین مملکت مسلسل پہنچ رہے ہیں۔ ایرانی عازمین کا دوسرا قافلہ منگل کو مملکت پہنچے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب میں عازمین کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا جا رہا ہے، جیسے گزشتہ برسوں میں ایرانی عازمین کا کیا گیا تھا۔‘
یاد رہے کہ جنگ بندی کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں۔
عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ 18 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ مملکت نے اپنی تمام تر صلاحیتیں ان کی خدمات کےلیے وقف کی ہیں، تاکہ وہ مناسک حج آسائی سے ادا کر سکیں۔
ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے امید ظاہر کی کہ ایرانی عازمین آسانی سے مناسک ادا کریں گے اور بحفاظت وطن واپس جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایرانی سفارتخانہ پر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سعودی وزارت خاجہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘
یاد رہے کہ اس سال تقریبا 30 ہزار عازمین حج سعودی عرب آئیں گے۔ایرانی حکام نے بتایا یہ فیصلہ ریاض کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد کیا گیا ہے۔
