Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عازمین حج کے قافلے مدینہ سے مکہ پہنچنے لگے، پرتپاک استقبال

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مدینہ منورہ سے آنے والے پاکستانی عازمین حج کے اولین قافلے مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کی آمد کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں اور عازمین کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ پہنچنے والے عازمین حج، جو سفید احرام میں ملبوس تھے، کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ زمزم، کھجوروں اور ٹھنڈے مشروبات سے ان کی تواضع کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر رہائش، خوراک و ٹرانسپورٹ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راؤ، ڈپٹی ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں مختلف رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اور عازمین حج سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے حجاج سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق عازمین حج کے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مین کنٹرول آفس مکہ کے زیرِ انتظام حرم تک ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، معیاری خوراک اور رہائشی عمارتوں میں خدمات سرانجام دینے کے لیے خدام الحجاج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔

 

 

شیئر: