سابق وزیراعظم عمران خان ایک مرتبہ پھر آنکھوں کے علاج کے لیے پمز ہسپتال منتقل
سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کو منگل کے روز سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں چوتھا انٹرا وٹریل انجیکشن لگایا گیا۔
پمز ہسپتال کے ترجمان کے مطابق 28 اپریل پیر اور منگل کی درمیانی شب علاج سے قبل ماہرینِ امراض چشم نے سابق وزیراعظم کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کا او سی ٹی ٹیسٹ بھی کیا گیا جس کی رپورٹ میں ان کی بینائی اور آنکھ کی مجموعی صحت میں بہتری کے آثار نمایاں پائے گئے ’معائنے کے دوران سابق وزیراعظم جسمانی طور پر مکمل مستحکم پائے گئے جس کے بعد انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔‘
پمز انتظامیہ نے بتایا کہ تمام تر حفاظتی تدابیر اور طبی پروٹوکولز کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہر سرجنز نے مائیکروسکوپی کی مدد سے یہ طبی عمل سرانجام دیا۔
’یہ ایک ڈے کیئر سرجری تھی جس کے دوران عمران خان کی حالت مکمل طور پر نارمل رہی اور ان کے وائٹلز میں کسی قسم کی کوئی پیچیدگی دیکھنے میں نہیں آئی۔‘
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی عمل کی تکمیل کے بعد عمران خان کو ضروری ادویات اور آئندہ کے لیے طبی ہدایات پر مشتمل دستاویزات فراہم کر دی گئی ہیں جس کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔