راولپنڈی: ڈاکٹروں کی چار رُکنی ٹیم کی اڈیالہ جیل آمد، بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا معائنہ کیا
ڈاکٹروں کی ایک چار رُکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا طبی معائنہ کیا۔
بدھ کو بشریٰ بی بی کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں کا تعلق پمز ہسپتال اسلام آباد اور الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال راولپنڈی سے تھا۔
ڈاکٹروں کی اس ٹیم میں پروفیسر ندیم قریشی، ڈاکٹر محمد عارف خان، ڈاکٹر آفاق احمد اور ڈاکٹر عمر فاروق شامل تھے۔
حکام کے مطابق بشری بی بی نے آنکھوں میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کا دو گھنٹے تک طبی معائنہ کیا۔
میڈیکل ٹیم آنکھوں کے علاج کے لیے اپنے ساتھ جدید آلات بھی لائی تھی اور اسے اڈیالہ جیل ہسپتال کے طبی عملے کی معاونت بھی حاصل تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے بشریٰ بی بی کو آئی ڈراپس اور کچھ دوائیں تجویز کی ہیں۔ بعدازاں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا طبی معائنہ ہو چکا ہے۔
