حج 2026: ’سائبر سکیورٹی انہانسمنٹ پروگرام‘ پر عمل درآمد جاری
سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
نیشنل سائبرسکیورٹی اتھارٹی حج 2026 کے حوالے سے ’سائبر سکیورٹی انہانسمنٹ پروگرام‘ پرعمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق پروگرام کا مقصد حج سیزن کے دوران فراہم کی جانے والی تکنیکی سسٹم اور خدمات کی سائبر سکیورٹی کو بڑھانے، سائبر سکیورٹی میں قومی سطح پر صلاحیتوں کو فروغ دینے، عازمین اور متعلقہ اداروں کے عملے میں سائیبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی کو بڑھانا ہے تاکہ عازمین کو بہتر اور محفوظ خدمات کی فراہمی کویقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق پروگرام کے چار بنیادی نکات ہیں، جن میں سائبر خطرات کی نگرانی، ان کا فوری تدارک، خطرات کا جائزہ لینا، سائبر مشقیں اور آگاہی مہمات شامل ہیں۔
اس حوالے 24 گھنٹے فعال رہنے والا ایک مرکزی سائبر آپریشن روم بھی قائم کیا گیا ہے، جو خطرات کی نگرانی، تجزیہ اور متعلقہ قومی اداروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کا ذمہ دار ہے۔ سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
پروگرام کے تحت حج سے متعلق اہم ڈیجیٹل اثاثوں، خدمات اور سسٹمز کی نشاندہی قومی سائبر سکیورٹی پورٹل (حصین) کے ذریعے کی جارہی ہے، جبکہ مختلف اداروں کو ان کے سسٹمز اور خدمات کی سیکیورٹی جانچ کے لیے معاونت فراہم کرنے کے منصوبے بھی تیار گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ’سائبرسکیورٹی مشقیں‘ بھی منعقد کی جارہی ہیں، جس کا مقصد متعلقہ ماہرین کو جدید سائبر اٹیکس کے طریقوں سے آگاہ کرنا اور ان سے موثر طورپر نمٹنے کی حکمت عملی سے آگاہ کرنا ہے تاکہ عازمین حج کو اعلی معیار کی موثر ترین خدمات فراہم کی جاسکیں۔
آگاہی مہم کے تحت مختلف اقدامات بھی کیے جارہے ہیں جن میں قومی اداروں کے اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی نشستیں، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر انٹرایکٹو نمائشوں کا انعقاد، مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائش اور حج وعمرہ سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے مختلف تعلیمی مواد کی فراہمی شامل ہے۔
