Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے پکڑے گئے ایرانی جہاز کے عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا، وزارت خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے پچھلے مہینے قبضے میں لیے گئے ایران کے بحری جہاز کے عملے کے ارکان کو اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے جن کو آج ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکہ کی جانب سے اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر، ضبط شدہ ایرانی کنٹینر جہاز ایم وی توسکا کے عملے کے 22 ارکان کو پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کو گزشتہ رات پاکستان لایا گیا اور آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔‘
 بیان کے مطابق ’ایران کے جہاز کو بھی ضروری مرمت کے اصل مالکان کو لوٹانے کے لیے پاکستان کے پانیوں میں لایا جائے گا۔‘
دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ واپسی کے اس عمل کو دونوں اطراف کے تعاون سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
’پاکستان اعتماد سازی کے ایسے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں کے ساتھ ساتھ مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دیتا رہے گا۔‘

ایرانی جہاز کو 19 اپریل کو عملے سمیت قبضے میں لیا گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

علاوہ ازیں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ٹم ہاکنز کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ امریکہ نے پچھلے مہینے قبضے میں لیے گئے ایرانی جہاز اور عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔
اے بی سی نیوز نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ توسکا نامی جہاز اور 22 ارکان پر مشتمل عملے کو پاکستان بھجوا دیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے ایرانی جہاز کو قبضے میں لیے جانے کے وقت دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 19 اپریل کو ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی اور امریکی بحریہ کا حکم ماننے سے انکار کیا تھا۔
امریکہ نے پچھلے مہینے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور اسی کی خلاف ورزی کے الزام میں ایرانی جہاز کو قبضے میں لیا گیا۔

پاکستان نے امریکہ کے اقدام سراہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس واقعے سے ان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا جو فروری کے اواخر میں اس وقت جنگ میں اتر گئے تھے جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا۔
سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کے مطابق ’آج امریکی فوج نے ایرانی جہاز کے 22 ارکان پر مشتمل کریو کی منتقلی کا کام مکمل کیا ہے، جبکہ چھ دیگر مسافروں کو پچھلے ہفتے وطن واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک میں منتقل کیا گیا تھا۔‘
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے پچھلے ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ نے پکڑے گئے جہاز کے 28 افراد میں سے چھ کو امریکہ نے رہا کر دیا ہے اور وہ ایران پہنچ چکے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا (فوٹو: پی آئی ڈی)

ٹم ہاکنز کا یہ بھی کہنا تھا کہ توسکا جہاز کو اس وقت اس کی اصل ملکیت میں منتقل کیا جا رہا ہے، جس کو پچھلے مہینے ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر پکڑا گیا تھا۔‘

پاکستانی و ایرانی حکام کا رابطہ، امن مذاکرات پر تبادلۂ خیال

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اتوار کی رات کو فون پر بات کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس رابطے میں امن کے لیے ہونے والی کوششوں اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فریقین کے درمیان پاکستان کے ثالثی کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے تمام تعمیری اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔

 

شیئر: