Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں 2027 سے تارکینِ وطن کے لیے شہریت کا امتحان لازمی قرار

یہ امتحان بالمشافہ لیا جائے گا اور اس میں 20 مختصر سوالات شامل ہوں گے (فوٹو: اے اے پی)
نیوزی لینڈ کے وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ جو افراد شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں حکومت اور انسانی حقوق جیسے موضوعات پر مبنی امتحان پاس کرنا ہوگا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ امتحان بالمشافہ لیا جائے گا اور اس میں 20 مختصر سوالات شامل ہوں گے، جن میں سے کم از کم 15 درست جواب دینا لازمی ہوگا۔ سوالات میں بل آف رائٹس ایکٹ، انسانی حقوق، بعض فوجداری جرائم، ووٹ کا حق، جمہوری اصول، حکومتی ڈھانچہ، اور نیوزی لینڈ کے سفر سے متعلق موضوعات شامل ہوں گے۔
بدھ کو وزیرِ داخلہ بروک وین ویلڈن نے کہا کہ ’ شہریت حاصل کرنے والے افراد کو یہ سمجھنا چاہیے کہ نیوزی لینڈ کے عوام کچھ بنیادی حقوق پر یقین رکھتے ہیں، جیسے آزادیِ اظہار، یا یہ کہ کوئی فرد یا گروہ قانون سے بالاتر نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امتحان اس بات کو یقینی بنائے گا کہ لوگ شہریت حاصل کرنے سے پہلے اپنی ذمہ داریوں اور مراعات کے بارے میں کافی علم رکھتے ہوں۔
فی الحال درخواست دہندگان کو صرف ایک بیان پر دستخط کرنا ہوتے ہیں کہ وہ شہری ہونے کی ذمہ داریوں اور مراعات کو سمجھتے ہیں۔ مزید تفصیلات محکمہ داخلہ تیار کر رہا ہے، اور یہ امتحان 2027 کی دوسری ششماہی میں لازمی شرط بن جائے گا۔

 

شیئر: